• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بلاول نے خواتین سے متعلق جو زبان استعمال کی اُس پر افسوس ہے، شبلی فراز


وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز کا کہنا ہے کہ بلاول بھٹو نے خواتین سے متعلق جو زبان استعمال کی اُس پر افسوس ہوا ہے۔

وفاقی وزرا شبلی فراز اور فواد چوہدری نے میڈیا سے مشترکہ گفتگو کی، اس دوران وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ اپوزیشن نے جو کل زبان استعمال کی وہ انتہائی گھٹیا زبان تھی، بلاول بھٹو نے خواتین سے متعلق جو زبان استعمال کی اُس پر افسوس ہوا ہے۔

شبلی فراز نے کہا کہ اپوزیشن والے اسٹیڈیم نہیں بھرسکے اور کیا چیلنج قبول کریں گے، اپوزیشن اتحاد کا جو مظاہرہ ہوا اُس میں نہ اتحاد نظر آیا نہ ایمان اور نہ تنظیم نظر آئی۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کے پاس کوئی پروگرام نہیں ہے، انہوں نے عوام کے لیے کچھ نہیں کیا، اُن کا پہلا شو فلاپ ہوا ہے اور ان کا کوئی مستقبل نہیں ہے۔

شبلی فراز کا مزید کہنا ہے کہ اداروں کے خلاف دشمنوں کی زبان استعمال کی گئی، ہم اس کی اجازت نہیں دیں گے۔میں نے جو چیلنج دیا تھا رانا ثنا ءاللّٰہ کو اس پر مستعفی ہوجانا چاہیے۔

دوسری جانب میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا کہ 2011 میں عمران خان نے کہا تھا کہ جب احتساب ہوگا تو سب اکٹھے ہوجائیں گے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ اداروں پر نواز شریف کی تنقید ایسی ہے جیسے روٹھی ہوئی محبوبہ ہو، پاکستان کے اداروں پر تنقید بھارت کا ایجنڈا ہے، میں نواز شریف کے باہر جانے کے خلاف تھاکیونکہ جب ایسے لوگ باہر جاتے ہیں تووہ انٹرنیشنل ایجنڈے کا حصہ بن جاتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز کے جلسے میں کشمیر اور کلبھوشن پر کوئی بات نہیں کی گئی، نواز شریف خطرناک بیانیے پر کام کر رہے ہیں ، یہ بیانیہ ناکام ہوگا، ن لیگ کے کارکن قیادت کے بیانیے سے مطمئن نہیں ہیں۔

فواد چوہدری نے مزید کہا کہ نواز شریف کو لندن سے واپس لایاجائے گا، وہ یہاں اپنی قید پوری کریں گے۔ 

تازہ ترین