• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وقار ذکا سستی شہرت کی خاطر ٹک ٹاک فنکاروں کے خلاف وڈیوز بنا رہے ہیں: جنت مرزا

پاکستان کی نمبر ون ٹک ٹاک اسٹار جنت مرزا نے معروف ٹی وی ہوسٹ وقار ذکا کو ٹک ٹاکرز کے خلاف بولنے پر تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

جنت مرزا نے انسٹاگرام اکاونٹ پر جاری پیغام میں وقار ذکا کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ پیارے وقار ذکا انکل آپ سستی شہرت کی خاطر ٹک ٹاک فنکاروں کے خلاف وڈیوز بنا رہے ہیں جو مناسب نہیں۔

جنت مرزا نے وقار ذکا کیلئے طویل پیغام میں لکھا کہ ’اگر ٹک ٹاکرز کا مواد نامناسب ہے تو آپ کی اسنیپ چیٹ اسٹوریز، وی لاگز، ویڈیو کالز، لائیو چیٹس سب نے دیکھ رکھی ہیں اور جو ابھی بھی یوٹیوب پر موجود ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ’وقار ذکا آپ ریٹنگ کے پیچھے اپنی زبان گندی نہ کریں، آپ نے بڑے اچھے کام کئے ہوں گے لیکن پہلے یوٹیوب سے اپنی ویڈیوز ڈیلیٹ کروادیں تاکہ پھر ہمیں جج کرتے اچھے لگیں۔‘

جنت مرزا نے لکھا کہ ’ہم نے بڑے اچھے کام کیے ہیں، امداد بھی کی ہے لیکن نیکی کر کے دریا میں ڈالی ہے، آپ کی طرح وی لاگز نہیں بنائے۔‘

انہوں نے کہا کہ ’آپ پہلے خود کو ٹھیک کرلیں پھر ہم ٹک ٹاکرز کو بُرا کہئے گا۔‘

خیال رہے کہ پاکستان میں ٹک ٹاک کی پابندی کے بعد وقار ذکا نے ایک ٹوئٹ میں ٹک ٹاکرز کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔

واضح رہے کہ جنت مرزا ویڈیو شیئرنگ ایپلیکیشن ٹک ٹاک پر ایک کروڑ فالوورز رکھنے والی پہلی پاکستانی ٹک ٹاک اسٹار ہیں، پاکستان کے شہر فیصل آباد سے تعلق رکھنے والی جنت مرزا نے ملک کی نمبر ون ٹک ٹاک ماڈل ہونے کا اعزاز بھی اپنے نام کر رکھا ہے۔

ٹک ٹاک اسٹار کا کہنا تھا کہ ’کبھی نہیں سوچا تھا کہ میں شوق شوق میں یہاں پہنچ جاؤں گی، جب آپ کسی سے حسد نہیں کرتے تو صلہ مل ہی جاتا ہے۔‘

حال ہی میں جنت مرزا نے بلال سعید کے گانے ’شاعر‘ کی ویڈیو میں محمد علی جوش کے ساتھ میوزک ویڈیو میں ڈیبیو کیا تھا۔

یہ خبریں بھی زیر گردش ہیں کہ معروف پاکستانی فلم ساز سید نور ملک میں پنجابی فلم سنیما کی بحالی میں کردار ادا کرتے ہوئے جلد ایک نئی فلم شائقین کے لیے پیش کریں گے جس کی ہیروئن کا کردار ٹک ٹاک اسٹار جنت مرزا ادا کریں گی۔

تازہ ترین