• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نواز شریف کی تقریر کے بعد آپ ایک نئے عمران خان کو دیکھیں گے، وزیراعظم



وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ نواز شریف کی گزشتہ روز کی تقریر کے بعد آپ ایک نئے عمران خان کو دیکھیں گے، پہلے تو پروڈکشن آرڈر پر لوگ اسمبلی آجاتے تھے مگر یہ اجازت نہیں ہوگی۔

کنونشن سینٹر اسلام آباد میں ٹائیگر فورس کے کنونشن سے خطاب میں عمران خان نے کہا کہ گیدڑ کی طرح دم دبا کر بھاگنے والا نوازشریف لندن میں بیٹھ کر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور ڈی جی آئی ایس آئی کے خلاف باتیں کر رہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ نواز شریف کچھ جنرلز اور کچھ ججوں کا نام لے کرفوج اور عدلیہ میں انتشار پھیلانا چاہتا ہے۔ یہ حملہ جنرل باجوہ پر نہیں پاکستانی فوج پر کیا گیا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ میں پہلے ہی ایک انٹرویو میں کہہ چکا تھا کہ ایک نہ ایک دن یہ سرکس ہوگی، نواز شریف اور آصف زرداری کا اتحاد ہوگا، ان کے بچوں نے کل گوجرانوالہ میں خطاب کیا، جنہوں نے ایک گھنٹہ محنت کرکے حلال نہیں کمایا۔

عمران خان نے مزید کہا کہ کل کے سیاسی سرکس میں بڑے بڑے فنکار شریک تھے، آپ کی سوئی صرف ڈیزل پر کیوں اٹک گئی ہے؟


انہوں نے سابق وزیراعظم کی بیماری کا تذکرہ کرتے ہوئے ایک بار کہا کہ شیریں مزاری کو رُلانا آسان کام نہیں، وہ بھی نواز شریف کی بیماریوں کا سن کر آبدیدہ ہوگئی تھیں۔

ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف ملک سے باہر بیٹھ کر وہی باتیں کررہا ہے جو نریندر مودی کرتا ہے، بھارتی وزیراعظم نے بار بار بیان دیا کہ انہیں نوا زشریف پسند ہے۔

سابق وزیراعظم نے نوازشریف کی گزشتہ روز کی تقریر پر تنقید کرتے ہوئے کہاکہ ایک گیدڑ دم دبا کر بھاگ گیا اور وہاں بیٹھ کر آرمی چیف اور ڈائریکٹر جنرل آئی ایس آئی کے خلاف باتیں کررہا ہے۔

انہوں نے کہاکہ یہ لوگ یہاں عوام سے بے شرمی کےساتھ جھوٹ بولتے ہیں، نوازشریف نے باہر بیٹھ کر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ پر نہیں پاک فوج پر حملہ کیا، بھارتی اخبارات میں ن لیگی قائد کی تعریفیں ہورہی ہیں۔

عمران خان نے مزید کہا کہ نواز شریف کی گزشتہ روز کی تقریر کے بعد آپ ایک نئے عمران خان کو دیکھیں گے، پہلے تو پروڈکشن آرڈر پر لوگ اسمبلی آجاتے تھے مگر یہ اجازت نہیں ہوگی۔

ان کا کہنا تھا کہ آصف زرداری نے نواز شریف پر حدیبیہ پیپر ملز کا کیس بنوایا تھا، ن لیگ کے قائد ہی نے آصف زرداری کو 2 مرتبہ جیل بھجوایا تھا، یہ وہی لوگ ہیں جو جسٹس قیوم کو فون کرکے کہتے تھے کہ بینظیر کی سزا 5 سال کردو۔

وزیراعظم نے یہ بھی کہا کہ نواز شریف نے سپریم کورٹ پر حملہ کروایا تھا، ن لیگی قیادت کے لیے عدلیہ تب تک ٹھیک ہے جب تک وہ ان کے ساتھ کھڑی ہو، یہ لوگ اپنا چوری کیا ہوا پیسا بچانے کے لیے ملک کو بھی بیچ سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 2013 کے الیکشن کے بعد صرف 4 حلقے کھولنے کا کہا، انہوں نے نہیں کھولے تو دھرنا دینا پڑا، 2018 کے الیکشن میں ہماری پٹیشنز ن لیگ سے زیادہ ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ تاریخ میں پہلی بار چینی سے متعلق تفصیلی انکوائری ہوئی، شریف خاندان اور زرداری کی شوگر ملز ہیں۔

انہوں نے ملک میں مہنگائی کی وجوہات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ جب پی ٹی آئی کو حکومت ملی تو پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا تجارتی خسارہ تھا، ہماری کھانے پینے کی بیشتر اشیا بیرون ملک سے آتی ہیں، روپیہ گرنے سے وہ چیزیں مہنگی ہوجاتی ہیں جبکہ کورونا کی وجہ سے بھی مہنگائی میں اضافہ ہوا۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ جوپلان ہم لے کر آرہے ہیں، آنے والے دنوں میں آپ کو چینی مہنگی نہیں ملے گی۔

انہوں نے ٹائیگر فورس کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناح نے بھی ذخیرہ اندوزی کو بہت بڑی لعنت قرار دیا، جس کی روک تھام کے لیے آپ کی ضرورت ہے، آپ نے تصاویر لینی اور اسے پورٹل پر جگہ کے نام سے شیئر کردینا ہے، ان کے خلاف ایکشن انتظامیہ کا کام ہے۔

عمران خان نے ٹائیگر فورس سے کہا کہ وہ دکانوں پر نظر رکھیں کہ کہیں ریٹ لسٹ کے بغیر اور اضافی قیمت پر چیزیں تو فروخت نہیں کی جارہی ہیں۔

تازہ ترین