• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مولانا عادل کے قاتل اب تک گرفتار نہیں ہوئے، مولانا فضل الرحمان

پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ کراچی کو ماضی میں بھی خون سے نہلایا گیا، مولانا عادل کے قاتلوں کی اب تک گرفتاری نہیں ہوئی۔

کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ عوامی رابطہ مہم شروع کردی ہے جس کی کل اچھی ابتدا ہوئی۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ 2018 کے الیکشن میں بدترین دھاندلی ہوئی جس کے نتیجے میں یہ حکومت وجود میں آئی ہے۔


واضح رہے کہ مولانا فضل الرحمان آج کراچی پہنچے ہیں اور  کل (18 اکتوبر) پی ڈی ایم کے جلسے سے مرکزی خطاب کریں گے۔

واضح رہے کہ گذشتہ روز اپوزیشن جماعتوں کے پاور شو کے دوران گوجرانوالہ کے جناح اسٹیڈیم میں خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ عوام اپنے خون پسینے سے جمہوریت کی خوبصورتی کو تابناک کرنے نکلے ہیں، آنے والے دنوں میں جمہوریت تابناک ہوگی،ان کو پوچھنے والا کوئی نہیں ہوگا، جعلی حکمران اپنے انجام کو پہنچنے والے ہیں، انشاﷲ یہ آنے والا دسمبر نہیں دیکھیں گے۔

مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ جمہوریت پسند قوتیں پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم پر جمع ہوگئی ہیں، ان کے اوسان خطا ہوچکے، ہمت جواب دے چکی ہے، پہلوان اکھاڑے میں اتر چکے ہیں، آپ کو پچھاڑنا آتا ہے۔

پی ڈی ایم کے سربراہ کا کہنا تھا کہ اب عوام کا سمندر کراچی، کوئٹہ، لاہور، ملتان اور پشاور میں آئے گا ، جعلی حکمران کو تخت پر بٹھایا ہے، اس کا ذمہ دار کون ہے؟ جمہوریت کے قتل کا مجرم کون ہے؟ تحریک اب چل پڑی ہے، یہ سفر منزل پر جا کر ہی دم لے گا۔

تازہ ترین