پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی طرح اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر بھی کٹھ پتلی ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے ان خیالات کا اظہار کراچی میں جلسہ گاہ آمد کے موقع پر کیا، انہوں نے باغ جناح جلسے کے انتظامات کا جائزہ لیا، انہیں صوبائی وزیر سعید غنی نے بریفنگ دی۔
پی پی چیئرمین نے وزیراعظم کی تقریر پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ کسی کا پراڈکشن آرڈر جاری کرنا احسان نہیں، یہ ارکان اسمبلی کا حق ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ارکان اسمبلی اپنے حلقے کی نمائندگی کرتے ہیں، اس لیے ان کا پراڈکشن آرڈر جاری ہوتا ہے۔
بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ سب سے پہلے پارلیمان میں جمہوریت بحال کرنا چاہتے ہیں، عمران خان کی طرح اسپیکر قومی اسمبلی بھی کٹھ پتلی ہیں۔
انہوں نے انکشاف کیا کہ اسپیکر نے عمران خان کے اشارے پر مجھے بولنے کی اجازت نہیں دی اور میرا مائیک بھی بند کرادیا۔
پی پی چیئرمین نے یہ بھی کہا کہ تمام مسائل کا حل جمہوریت میں ہے، عوام عدلیہ کو انصاف کی امید کے ساتھ دیکھتے ہیں، عدالت بی آر ٹی اور علیمہ باجی کیس کا فیصلہ دے۔