قومی وطن پارٹی کے سربراہ آفتاب احمد خان شیرپاؤ نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کو نوازشریف اور اپوزیشن کا فوبیا ہوگیا ہے۔
پارٹی کے 8ویں یوم تاسیس کی تقریب سے خطاب میں آفتاب شیر پاؤ نے کہا کہ سلیکٹڈ حکومت نے عوام کا برا حال کردیا ہے، دو وقت کی روٹی کمانا مشکل ہوگیا۔
انہوں نے کہا کہ ملک کی حالت قابل برداشت نہیں، مہنگائی نے ڈیرے ڈال لیے ہیں، پی ڈی ایم عوام کی صحیح ترجمانی کررہی ہے۔
آفتاب شیر پاؤ نے گوجرانوالہ کے جلسے کو تاریخی قرار دیا اور کہا کہ حکمران کہتے ہیں مہنگائی سابقہ حکومت کی وجہ سے ہوئی ہے، جبکہ حقیقت یہ ہے کہ مہنگائی حکومت کی غلط پالیسی کی وجہ سے ہوئی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت سے چھٹکارا حاصل کرنا بہت ضروری ہوگیا ہے، حکومت میں وزرا نہیں مافیا بیٹھے ہیں، انہیں نکالنا ہوگا، حکومت میں وزیر مشیر منتخب لوگ ہوں، امپورٹیڈ لوگ ملک نہیں چلا سکتے۔
قومی وطن پارٹی کے سربراہ نے مزید کہا کہ گزشتہ سال گندم کی پیداوار کم ہوئی، چینی مافیاز کو بھی نہیں پکڑا گیا، آٹا، چینی اور ادویات مہنگی ہوگئی ہیں، غریب آدمی دوائی تک نہیں نہیں خرید سکتا، پی ڈی ایم سمجھتی ہے کہ حکومت ناکام ہوچکی، نئے انتخابات کرائے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ بروقت فیصلے نہ کیے گئے تو بہت دیر ہوجائے گی، بلدیاتی انتخابات فوری طور پر کرائے جائیں جبکہ عام انتخاب منصفانہ ہوں اور عوام کی مرضی کو اہمیت دی جائے، اقلیتوں کو نظر انداز نہ کیا جائے۔
آفتاب شیر پاؤ نے یہ بھی کہا کہ ریاست عوامی نمائندوں کو اہمیت دے اور ریاست کو حکومتی امور میں مداخلت نہیں کرنی چاہیے، 18ویں ترمیم اور این ایف سی کو چھیڑنے کی اجازت نہیں دیں گے۔