• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اپوزیشن آج کراچی میں طاقت کا مظاہرہ کرے گی، کٹھ پتلی حکومت نے عوام کا جینا حرام کردیا، اس ظالم کو جواب دینا ہوگا،بلاول بھٹو


کراچی، لاہور ( اسٹاف رپورٹر،نمائندہ جنگ، خبرایجنسی)اپوزیشن آج کراچی میں طاقت کامظاہرہ کریگی،چیئرمین پی پی بلاول بھٹو نے کہاہےکہ کٹھ پتلی حکومت نے عوام کا جینا حرام کردیا، اس ظالم کو جواب دینا ہوگا،بحالی جمہوریت ، آئین، پارلیمان کی بالادستی اور بنیادی حقوق کیلئے جدوجہد کرتے رہیں گے۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نےکہا ہے کہ شبلی فراز کو دعوت دیتا ہوں،آکراپنی آنکھوں سے جلسے کے مناظر دیکھیں ، پی پی رہنما مرتضیٰ وہاب نےکہاہےکہ عوام کا مقدمہ سڑکوں پر لڑیںگے،پی پی رہنما سعید غنی نے کہاہےکہ حکومت چند ہفتوں کی ہے، دسمبر سے قبل ہی چلے جائیگی، کراچی کا جلسہ حکومت کیلئے آخری دھکا ثابت ہوگا، ن لیگ کی ترجمان مریم اورنگزیب نےکہاہےکہ عمران صاحب کو نانی یاد کروا دی،ن لیگی رہنما راناثناء نے کہاہےکہ نواز شریف کی تقریر کٹھ پتلیوں کو سمجھ نہیں آئے گی۔

تفصیلات کےمطابق اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک مومنٹ(پی ڈی ایم) کا دوسرا عوامی جلسہ اتوار 18اکتوبر کو( آج) باغ جناح کراچی میں ہوگا،جلسہ کی میزبانی پاکستان پیپلز پارٹی کرے گی، اس سے قبل 16 اکتوبر کو پاکستان مسلم لیگ ن کی میزبانی میں گجرنوالہ میں کامیاب جلسہ کا انعقاد کرچکی ہے جبکہ جلسہ کی قیادت پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کریں گے۔

جلسہ سے پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمن ،پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زراری،پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز شریف سمیت اپوزیشن اتحاد میں شامل 11جماعتوں کے قائدین بھی خطاب کریں۔ہفتےکی شب پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹوزرداری جلسے کے انتظامات کا جائزہ لینے باغ جناح پہنچے، جلسہ گاہ میں صوبائی وزیرسعید غنی نے پارٹی چیئرمین کو پی ڈی ایم کے جلسے کی تیاریوں سے متعلق بریفنگ دی ۔ 

اس موقع پربلاول بھٹو نے کہا کہ باغ جناح میں ایک تاریخی جلسہ حکومت کے لیے ٹف ٹائم ثابت ہوگا اورکراچی سے ملک بھرمیں ایک واضح پیغام جائے گا،کراچی سے ایک واضح پیغام جائیگا،کٹھ پتلی اسلام آباد میں اور پورا پاکستان ایک طرف ہوگا، ملک میں پارلیمان آزاد نہیں، اس لیے ہم نے عزم کیا ہے کہ جمہوریت کی مکمل بحالی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔

موجودہ حکومت نے اس ملک کےعوام کا جینا حرام کردیاہے ،ملک میں جو بھی مسائل ہیں ان کا حل جمہوریت میں ہے، تاریخ رہی ہے کہ ملک کویا تو آمریت ملی ہے یا کنٹرولڈ جمہوریت ملی ہے،ہم مکمل حقیقی جمہوریت چاہتے ہیں،عمران خان ہر تقریر میں کہتاہےکہ ہم ایک پیج پر ہیں،عمران خان ہرتقریرمیں کہتاہے یہ ادارہ میرے ساتھ ہے۔

انہوں نے کہا کہ کٹھ پتلی حکومت معیشت، ریاست اور سیاست نہیں چلاسکتی،اس کٹھ پتلی سے کوئی امید نہیں ،ہم نہیں چاہتے کہ انکا مورال کم ہو،گوجرانوالہ کے جلسے سے پیغام آگیاکہ عوام عمران خان کو ایمنسٹی دینے کو تیار نہیں،اس لیے کہ سلیکٹیڈ وزیراعظم نے عوام کی جیب پر ڈاکہ ڈالا ہے۔

انہوں نے کہاکہ اس سلیکٹڈ نے میرے صوبے پر حملہ کیا،جہاں سے گیس آتی وہاں قبضہ کرلیاجاتاہے ،اس ظالم کوجواب دیناہوگا کراچی پر حملے کی کوشش کرتارہتاہے، عمران خان بزدل میری تقریرکے وقت اسمبلی میں نہیں بیٹھ سکتا۔ عمران خان عدلیہ کو ٹائیگر فورس کی طرح چلانا چاہتاہے،انہوں نے کہاکہ عوام بی آرٹی اور علیمہ باجی کے کیس کا فیصلہ سننا چاہتے ہیں ابراج گروپ عمران کا فرنٹ مین ہے۔ 

دوسری جانب سندھ سید مراد علی شاہ نے پیپلزپارٹی سندھ کے صدر نثار کھوڑو، سعید غنی اور ناصر شاہ کے ہمراہ جلسہ گاہ ( باغِ جناح) کے دورے کے موقع پر کہاہے کہ مجھے نواشریف کے مکمل بیانیے سے اتفاق نہیں لیکن نوازشریف کا بیانیہ کسی حد تو درست ہے، وفاقی حکومت کے اقدامات کی وجہ سے عام آدمی کو پریشانیوں کا سامنا ہے اتوارکو پورے سندھ سے عوام یہاں احتجاج ریکارڈ کرانے آئیں گے۔

شبلی فراز کو بھی دعوت دیتا ہوں کہ وہ یہاں آکر اپنی آنکھوں سے جلسے کے مناظر دیکھیں اگر گوجرانولہ میں ہونے والا جلسہ ناکام تھا تو پھر حکومت کو پریشانی کس کی ہے، حکومتی نمائندے سکون سے جاکر گھر بیٹھیں ،انہوں نےکہاکہ جلسے میں ایس او پیز کا خیال رکھیں گے کیونکہ ہمیں عوام کی صحت کے حوالے سے بھی فکر ہے ۔

کلفٹن پارک میں شجرکاری مہم کے آغاز کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےسندھ حکومت کے ترجمان اور مشیر قانون ، ماحولیات و ساحلی ترقی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ وزیراعظم اپنی تشہیر پر عوام کا پیسہ لٹا رہے ہیں،پاکستان پیپلزپارٹی اورپی ڈی ایم 22 کروڑ عوام کا مقدمہ سڑکوں پر لڑے گی،آج کراچی کے باشعور عوام فیصلہ کریںگے کہ وہ اس حکومت کے ساتھ نہیں رہ سکتے۔ 

ہفتے کو کیمپ آفس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئےپاکستان پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے صدر و صوبائی وزیر سعید غنی، سید ناصر حسین شاہ، وقار مہدی اور دیگر رہنماؤں نے کہا ہے کہ ممکن ہے کہ حکمران دسمبر سے قبل ہی اپنے استعفیٰ دے کر چلیں جائیں اور ہمیں استعفیٰ دینے کی ضرورت ہی نہ پڑے، موجودہ نااہل، نالائق اور سلیکٹڈ حکومت پی ڈی ایم کے پہلے جلسہ سے قبل اور پہلے جلسہ کے بعد ہی لرکھڑا گئی ہے اور ایسا لگتا ہے کہ 18 اکتوبر کو کراچی کا جلسہ ان کو آخری دھکا ثابت ہوگا۔

ادھر پاکستان مسلم لیگ ( ن ) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران صاحب کا سیاسی بہروپ آج مکمل اتر گیا، وہ مشرف بن گئے ،عمران صاحب جن دو بچوں کی بات کر رہے ہیں انہوں نے ان کو نانی یاد کروا دی،عمران صاحب کی تقریر قابل ترس تھی، صاف پتہ چل رہا تھا کہ ان کی دم پر پائوں آگیا ہے ۔

مسلم لیگ ( ن ) پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ خان نے گوجرانوالہ جلسے پر حکومتی وزراء کے بیانات پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ عوامی وزیراعظم نوازشریف کی تقریر ایمپائر کی انگلیوں پر ناچنے والی کٹھ پتلیوں کو سمجھ نہیں آئے گی ،یہ تین بار کے منتخب وزیراعظم کی تقریر تھی جس نے تلخ تاریخی حقائق قوم کے سامنے رکھے ،ووٹ چوری آئین کی خلاف ورزی ، عوام سے غدار ی ہے ،عمران نیازی سمیت سلیکٹڈ ٹولے نے چھپ کر نوازشریف کی پوری تقریر سنی۔

تازہ ترین