کراچی(جنگ نیوز، نیوز ایجنسی) مریم نواز کی مزار قائد آمد، شوہر نے سیاسی نعرے لگوادیئے۔ دوسری جانب تحریک انصاف کے رہنمائوں نے کہاہےکہ مزار پر نعرے لگوانا ناقابل قبول، تقدس پامال کیا، مریم اور صفدر معافی مانگیں۔ تفصیلات کےمطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز اور دیگر رہنماؤں کی مزار قائد پر حاضری کے موقع پر کیپٹن(ر) صفدر نے نعرے لگوادیے، سابق وزیر اعظم نواز شریف کے داماد کیپٹن (ر) صفدر نے مزار قائد پر ’ووٹ کو عزت دو‘ کے نعرے لگائے،کیپٹن (ر) صفدر کے نعروں کا جواب وہاں موجود کارکنوں نے بھی دیا، اس دوران صفدر مزار کی جالی پھلانگ پر اندر بھی گئے۔ دوسری جانب وفاقی وزرا نے نعرے لگوانے پر شدید ردعمل کا اظہار کیا، وفاقی وزیر بحری امور علی زیدی کا کہنا تھا کہ مزار قائد پر نعرے لگوانا قابل قبول نہیں، ان کریمنلز نے مزار قائد کے تقدس کا پامال کیا۔ وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے بھی ردعمل میں کہا کہ کیپٹن (ر)صفدر اور مریم نوازکو معافی مانگنی چاہیے،وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے سیاسی رابطہ کار شہباز گل کا کہنا ہے کہ مریم جہاں بھی گئیں ضابطے، قوانین اور سماجی اقدار کی پامالی کی، کیا کبھی بابائے قوم کے مزار پر ایسی سستی اور بدتمیز حرکتیں پہلے ہوئیں؟۔