مسلم لیگ نون کی نائب صدر مریم نواز کے گرفتار شوہر کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو عدالت پہنچانے کیلئے پولیس کی بکتر بند تھانہ عزیز بھٹی پہنچادی گئی ، کچھ دیر انہیں عدالت میں پیشی کے لیے لے جایا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی متوقع پیشی کے پیش نظر سٹی کورٹ کراچی میں پولیس کی اضافی نفری تعینات کردی گئی، ڈنڈا بردار اہلکار جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی کی عدالت کے باہر تعینات ہیں جبکہ بم ڈسپوزل اسکواڈ کا عملہ بھی سٹی کورٹ پہنچ گیا ہے۔
بم ڈسپوزل عملے کا کہنا ہے کہ عدالت کی اسکریننگ کی جائے گی، سٹی کورٹ گیٹ سے عدالت کے راستے تک اسکریننگ کی جاچکی ہے ،جبکہ متعلقہ عدالت کی اسکریننگ کیلئے عدالت سے استدعا کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز شہری وقاص کی مدعیت میں کیپٹن ریٹائرڈ صفدر سمیت 200 افراد کے خلاف مزار قائد کے تقدس کی پامالی کا مقدمہ درج کیا گیا جس کے بعد کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو آج صبح سندھ پولیس نے کراچی کے مقامی ہوٹل سے گرفتار کیا ۔
کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کے خلاف درج مقدمے میں جان سے مارنے کی دھمکی، سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے کی دفعات شامل ہیں، جبکہ مقدمے میں مزار قائد ایکٹ کی خلاف ورزی کی دفعہ بھی شامل کی گئی ہے۔
دوسری جانب مسلم لیگ نون کے رہنما اور مریم نواز کے ترجمان محمد زبیر کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا ہے ان پر گرفتاری کیلئے دباؤ ڈالا گیا ہے، مراد علی شاہ نے کہا کہ پولیس پر ریاست کا شدید دباؤ ہے، جبکہ صوبائی وزیر برائے تعلیم سعید غنی کا کہنا ہے کہ کیپٹن (ر) صفدر کی گرفتاری سندھ حکومت کی ہدایات پر نہیں ہوئی۔