• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یورپ میں کورونا وائرس کےکیسز میں 44 فیصد اضافہ

عالمی وبا کورونا وائرس نے یورپ میں ایک بار پھر سر اٹھا لیا، یورپ میں گزشتہ ہفتے کورونا وائرس کےکیسز میں 44 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

خبر ایجنسی کے مطابق یورپ میں کورونا سےڈھائی لاکھ سے زائد اموات ہوچکی ہیں، کئی یورپی ملکوں میں وبا کی روک تھام کیلئے نئی پابندیاں نافذ کی جا رہی ہیں۔

بیلجیئم میں آج سے ملک بھر میں رات کا کرفیو نافذ ہیں جبکہ کیفے اور ریسٹورنٹس بھی چار ہفتوں کیلئے بند کر دیے گئے ہیں۔

سوئزر لینڈ میں کورونا وائرس کے ممکنہ پھیلاؤ کے پیش نظر بند عوامی جگہوں پر ماسک لازمی پہننے کی ہدایت کی گئی ہے اور 15 سے زائد افراد کے اجتماع پر پابندی عائد کی گئی ہے،

فرانس میں پیرس سمیت 9 شہروں میں پہلے ہی رات کا کرفیو نافذ ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق یورپ، بھارت، برازیل اور امریکا میں نئے کیسز میں ریکارڈ اضافہ ہونے کے باعث دنیا بھر روزانہ کی بنیاد پر سامنے آنے والے کیسز کا نیا ریکارڈ قائم ہوا ہے۔

کورونا وبا کی دوسری لہر میں سامنے آنے والے نئے کیسز میں 34 فیصد یورپی ممالک سے ہیں جہاں روزانہ ڈیڑھ لاکھ سے زائد کیسز سامنے آ رہے ہیں اور اب تک مجموعی تعداد 70 لاکھ سے زیادہ ہوگئی ہے۔

موذی وائرس سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 25 لاکھ 44 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے۔ یورپ میں زیادہ تر برطانیہ، فرانس، روس اور اسپین متاثر ہوئے ہیں۔

تازہ ترین