• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

ملک میں وہیل چیئر ٹینس کو فروغ دینے کیلئے اقدامات، کیمپ کا آغاز

ٹینس دنیا کا مقبول ترین کھیل ہے اس کھیل کو نہ صرف ذوق و شوق سے کھیلا اور دیکھا جاتا ہے بلکہ اس کی آبیاری کیلئے بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری بھی کی جاتی ہے اور وقت کے ساتھ ساتھ اس کھیل میں جدت آتی جارہی ہے۔ پاکستان میں بھی یہ کھیل مقبول ہے لیکن حکومتی اور نجی اداروں کی صحیح معنوں میں سرپرستی نہ ہونے کی وجہ سے وہ یہ کھیل اپنا وہ مقام حاصل نہیں کرسکا ہے جو دنیا کے دیگر ممالک میں اس کو حاصل ہے لیکن بھاگتے چور کی لنگوٹی ہی سہی کے مصداق پاکستان ٹینس فیڈریشن اس کھیل کو زندہ رکھے ہوئے ہے اور ملک کے چاروں صوبوں میں سے سندھ اور خصوصی کراچی وہ واحد شہر ہے جہاں اس کھیل کی سرگرمیاں زیادہ ہیں۔ 

سندھ ٹینس ایسو سی ایشن اب اس کھیل میں معذور افراد کو بھی اپنے جوہر دکھانے کا موقع فراہم کررہی ہے۔ سندھ ٹینس ایسو سی ایشن کھلاڑیوں کی تلاش، کوچز اور ٹینس سے تعلق رکھنے والے افراد کیلئے مسلسل سرگرمیوں جاری رکھے ہوئے ہے اور اسپورٹس فار لائف ٹینس کوچنگ کیمپ کے کامیاب انعقاد کے بعد سندھ ٹینس ایسو سی ایشن کے زیراہتمام سندھ اسپورٹس بورڈ وہیل چیئر ٹینس کوچنگ کیمپ کا بھی یونین کلب کراچی میں آغاز ہو گیا ۔ یہ کیمپ دو ماہ جاری رہے گا جسے سندھ اسپورٹس بورڈ نے اسپانسر کیا ہے اور پیرا اسپورٹس پاکستان کا تکنیکی تعاون بھی حاصل کیا گیا ہے اسے پاکستان ٹینس فیڈریشن کی سرپرستی بھی حاصل ہے۔ 

پاکستان ٹینس فیڈریشن کے نائب صدر خالد رحمانی نے دو ماہ جاری رہنے والے اس کیمپ کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ کیمپ کے دوران تربیت حاصل کرنے والے کھلاڑی دو قومی ٹورنامنٹس میں بھی شرکت کریں گے، نارتھ ناظم آباد جیم خانہ میں وہیل چیئر ٹینس کے نمائشی مقابلے بھی منعقد کئے جائیں گے۔ ایس ٹی اے اور پیرا اسپورٹس پاکستان کی ٹیم ٹیلنٹ ہنٹ اسکیم کے تحت معذور افراد کے کچھ اداروں کا دورہ بھی کرے گی تاکہ مزید کھلاڑی جو وہیل چیئر ٹینس کے لئے موزوں ہوں، کو کیمپ میں شامل کیا جا سکے۔ 

خالد رحمانی نے بتایا کہ پاکستان ٹینس فیڈریشن کو چیئرمین جوائنٹ چیف آف اسٹاف کمیٹی کی جانب سے چھ لاکھ کا چیک موصول ہو چکا ہے (گوکہ اکثر خالد رحمانی ٹورنامنٹس کے حوالے سے اسپانسر کی جانب سے موصول ہونے والی صحیح رقم بتانے سے گریز کرتے ہیں لیکن اس بار انہوں نے صحیح رقم کا انکشاف کیا۔ یہ بھی اچھی بات ہے) ان کا کہنا ہے عالمی معیار کی ٹینس وہیل چیئر خریدنے کے لئے کوششیں جاری ہیں جیسے ہی ہمیں مزید ٹینس وہیل چیئرز مل جائیں گی ہم ایک کیمپ لاہور میں بھی منعقد کریں گے اور کراچی میں زیادہ سے زیادہ تعداد میں کھلاڑیوں کو کوچنگ دے سکیں گے۔ 

ہمارے مستقبل کے اہداف میں دو کھلاڑیوں کو آئندہ سال منعقد ہونے والے ملائشیا وہیل چیئر ٹینس انٹرنیشنل ٹورنامنٹ میں شرکت کروانا ہے ہماری کوشش ہوگی کہ ملک سے باصلاحیت کھلاڑیوں کو تلاش کریں اور اس اہم ایونٹ میں پاکستان کی نمائندگی کروائیں۔ کیمپ میں پیرا اسپورٹس پاکستان کا تیکنیکی تعاون بھی حاصل کیا گیا ہے۔ کیمپ میں سات کھلاڑی جنہیں وہیل چئر ٹینس کا مناسب تجربہ حاصل ہے انہیں براہ راست منتخب کیا گیا ہے ان کھلاڑیوں میں امجد علی، محمد عمران، محمد شہباز، محمد عرفان، محمد ایوب، فدا حسین اور محمد علی شامل ہیں جبکہ مزید کھلاڑیوں کو ٹرائلز ذریعے کیمپ میں شامل کیا جائے گا۔ 

اس کیمپ کی خاص بات یہ ہے کہ پہلی بار وہیل چیئرز لڑکیوں کو بھی کیمپ کے لئے دعوت دی جارہی ہے۔ کیمپ کی سلیکشن کمیٹی میں ڈاکٹر نادیہ رزاق، عقیل شبیر، عشرت زہرہ اور گل زہرہ شامل میں۔ محمد خالد رحمانی کیمپ کمانڈنٹ، عقیل شبیر ہیڈ کوچ اور عشرت زہرہ نائب کوچ ہوں گی۔ انٹرنیشل کھلاڑی نعمان آفتاب مہمان کوچ کی حیثیت سے کھلاڑیوں کو ٹپس دیں گے تمام منتخب کھلاڑیوں کو یومیہ ٹریولنگ الائونس بھی حاصل کریں گے۔ کرونا وائرس کے پیش نظر دنیا بھر میں کھیلوں کی سرگرمیاں ابھی تک کھل کر شروع نہیں ہوسکیں ہیں۔ مقابلوں کے دوران کرونا ایس او پیز کا مکمل خیال رکھا جارہا ہے۔ 

تازہ ترین
تازہ ترین