محکمہ داخلہ پنجاب کے ذرائع کے مطابق مسلم لیگ نون کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف میاں شہباز شریف کو پنجاب حکومت نے جیل میں اے سی کی سہولت نہ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع محکمہ داخلہ پنجاب نے بتایا کہ شہباز شریف کو جیل میں بی کیٹیگیری دینےکی درخواست نہیں ملی جسکے باعث شہباز شریف کو بی کیٹیگری کی سہولیات دینے کا فیصلہ نہیں ہوا
محکمہ داخلہ پنجاب نے کہا کہ شہباز شریف کو وہ سہولتیں نہ دی جائیں جو قانون کے مطابق نہیں اور اس ضمن محکمہ داخلہ پنجاب نے وزیراعلیٰ کے احکامات سے جیل حکام کو آگاہ کردیا ہے۔
واضح رہے کہ لاہور کی احتساب عدالت نے منی لانڈرنگ اور رمضان شوگر ملز ریفرنس میں مسلم لیگ نون کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف میاں شہباز شریف کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دے دیا ہے۔
احتساب عدالت لاہور میں شریف فیملی کے خلاف منی لانڈرنگ اور رمضان شوگر ملز ریفرنس کی سماعت ہوئی جس کے دوران نیب دفتر سے شہباز شریف اور ان کے صاحبزادے حمزہ شہباز کو جیل سے عدالت میں پیش کیا گیا۔