• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قیمتوں میں کمی کیلئے وزیراعظم ان ایکشن، ہنگامی اقدامات کا فیصلہ

لاہور(ایجنسیاں)اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں کمی کیلئے وزیراعظم عمران خان ان یکشن ‘ ہنگامی اقدامات اٹھانے کا فیصلہ کرتے ہوئے ذخیرہ اندوزوں کے خلاف سختی سے نمٹنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ 

وزیر اعظم عمران خان سے چیف سیکرٹری پنجاب جوادرفیق ملک اور آئی جی پولیس پنجاب انعام غنی نے منگل کو یہاں ملاقات کی۔

اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ذخیرہ اندوزی اور منافع خوری کسی بھی صورت میں برداشت نہیں کی جائے گی۔ دریں اثناءعمران خان نے ذخیرہ اندوزوں اور ناجائز منافع خوروں کے خلاف سخت ایکشن کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہےکہ عوام کو ریلیف فراہم کرنے میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

عوام کو اشیا ضروریہ کی وافر مقدار میں فراہمی اور منظور شدہ قیمتوں پر دستیابی یقینی بنائی جائے۔ وہ منگل کو یہاں صوبہ پنجاب میں بنیادی اشیا ئےضروریہ کی قیمتوں اور دستیابی کے حوالے سے اعلی سطح اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ گندم اور اشیا ئے ضروریہ کی خریداری کو منصوبہ بندی کے تحت یقینی بنایا جائے تاکہ کمی اور مہنگائی کی صورتحال پیدا نہ ہو۔ 

جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جائے اور کاشت کاروں کو پیداوار بڑھانے کے لیے سہولیات فراہم کی جائیں ۔عوام کو مہنگائی کی وجہ سے تکلیف مجھے سب سے زیادہ محسوس ہوتی ہے۔

تازہ ترین