گوجرانوالہ ،لاہور(نمائندہ جنگ) گوجرانوالہ میں پی ڈی ایم جلسہ کے بعد لیگی رہنمائوں کے خلاف تیسرا مقدمہ درج کرلیا گیا جبکہ لاہور میں مریم سمیت 2200پر پرچہ درج ہوگیا ، مقدمے میں رانا ثنا اللہ، خرم دستگیر ، ایم پی اے عمران خالد بٹ اور پومی بٹ سمیت نامعلوم افراد نامزد کئے گئے ہیں، گوجرانوالہ میں درج نئے مقدمے میں مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر رانا ثنا اللہ سابق وفاقی وزیر خرم دستگیر خان ایم پی اے عمران خالد بٹ اور پومی بٹ سمیت نامعلوم افراد کو نامزد کیا گیا ہے۔ مسلم لیگ ن کے قائدین کے خلاف سب انسپکٹر محمد اصغر کی مدعیت میں تھانہ سٹلائٹ ٹاون میں درج ہونے والی ایف آئی آر میں اقدام قتل، کار سرکار میں مداخلت اور دیگر دفعات شامل کی گئیں ہیں ایف آئی آر میں موقف اختیارکیا گیا کہ سیکیورٹی اور ٹریفک کیلئے لگے ہوئے کینٹینرز کو ہٹایا گیا،ملزمان زبردستی گاڑی لے کر اسٹیڈیم کی طرف گئے پولیس کو روکنے پر ڈرائیور نے جان سے مارنے کی نیت سے گاڑی پولیس اہلکاروں پر چڑھا دی تھی مسلم لیگ ن کے سٹی صدر سلمان خالد پومی بٹ کے سیکرٹری اعجاز ہاشمی نے بتایا کہ پومی بٹ نے عبوری ضمانت بھی کروالی ہے ۔