• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جزائرآرڈیننس‘سینیٹ سے اپوزیشن کا واک آؤٹ

اسلام آباد (ایجنسیاں) سینیٹ میں اپوزیشن نے جزائر سے متعلق آرڈیننس کے اجراء کے خلاف واک آؤٹ کیا ۔تفصیلات کے مطابق پیپلزپارٹی اور اپوزیشن سے تعلق رکھنے والے ارکان نے منگل کو ایوان بالا کے اجلاس سے آئی لینڈز سے متعلق آرڈیننس پارلیمان میں پیش نہ کرنے پر علامتی واک آئوٹ کیا اور قائد ایوان کی طرف سے اس معاملے پر ایوان میں جواب دینے کے دوران احتجاج کرتے ہوئے کورم کی نشاندہی کر دی۔ کورم پورا نہ ہونے پر چیئرمین سینیٹ نے اجلاس ملتوی کر دیا۔رضا ربانی نے ایوان میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ وفاق کو صوبوںکے معاملات میں مداخلت نہیں کرنی چاہیے جو معاملات آئین کے تحت صوبوں کے ہیں، وہ صوبوں کو ہی طے کرنے دیئے جائیں، وفاق کس طرح سندھ کی آئی لینڈز کے معاملے میں آرڈیننس جاری کر رہا ہے اور اس آرڈیننس کو بھی خفیہ رکھا گیا، پارلیمان میں پیش نہیں کیا گیا جس سے میرا بطور رکن استحقاق مجروح ہوا ہے، ہمیں آرڈیننس کے خلاف نا منطوری کی تحریک لانے کے حق سے محروم رکھا گیا، سندھ بلوچستان کوسٹل ایریاز پر وفاق کے کنٹرول کی کوشش کی جا رہی ہے۔ قائد ایوان سینیٹر ڈاکٹر شہزاد وسیم نے کہا کہ جہاں عوام کی بہتری کے لئے صوبوں کو وفاق کی ضرورت ہو وہاں آگے بڑھ کر اپنا فرض ادا کرتی ہے، ہم اٹھارویں ترمیم کا ذکر بہت کرتے ہیں لیکن اس کے مقاصد بھول جاتے ہیں۔

تازہ ترین