• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

SOPs پرعمل نہ کیا تو پھر لاک ڈاؤن ہوسکتا ہے، این سی او سی

نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر (این سی او سی) نے ملک میں کورونا وائرس کے بڑھتے کیسز اور اموات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایس او پیز پر عمل نہیں کیا تو پھر سے لاک ڈاؤن اور انڈسٹریز کو بند کرنا پڑسکتا ہے۔

این سی او سی کے آج ہوئے اہم اجلاس میں تمام صوبوں کے چیف سیکرٹریز بھی شریک تھے ، اجلاس میں کہا گیا کہ شادی ہالز، بازار، پبلک ٹرانسپورٹ، ریسٹورنٹس میں ایس او پیزکی پابندی یقینی بنائی جائے۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ ملک بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں اور اموات کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے ، عوام کو ماسک کے استعمال اور سماجی فاصلے کو یقینی بنانا بھی بہت ضروری ہے۔

اجلاس میں مقامی انتظامیہ پر زور دیا گیا کہ کورونا وائرس ایس او پیز کی خلاف ورزی پر کارروائی میں کوئی تاخیر نہ کی جائے، تمام صوبے ایس او پیز کی خلاف ورزیوں پر سخت ایکشن لے کر بھاری جرمانے عائد کریں ۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ پہلے روزانہ تقریباً 450 کیسز رپورٹ ہو رہے تھے لیکن اب یہ تعداد 650 یومیہ سے زیادہ ہوچکی تھی جبکہ پہلے کورونا وائرس سے متاثر ہونے والوں کی شرح 2 فیصد سے کم تھی جو اب بڑھ کر 2.47 فیصد ہوگئی ہے۔


ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ صورتِ حال ابھی تک خطرناک تو نہیں لیکن کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنا بہت ضروری ہے۔

واضح رہے کہ ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 26 ہزار 670 کورونا وائرس کے ٹیسٹ کیے گئے جبکہ اب تک کُل 41 لاکھ 48 ہزار 739 کورونا وائرس کے ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 660 نئے کورونا وائرس کے کیسز سامنے آ گئے، مزید 19 افراد اس موذی وباء کے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے جبکہ 654 مریض اس بیماری سے شفایاب ہو ئے ہیں۔

تازہ ترین