• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وہ NRO چاہ رہے ہیں، ہم دے نہیں رہے: مولانا فضل الرحمٰن


پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) اور جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کہتے ہیں کہ حکومت کی نا اہلی سے معیشت تباہ ہو گئی ہے، وہ این آر او چاہ رہے ہیں،ہم انہیں این آر او دے نہیں رہے۔

لاڑکانہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) اور جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ جو لوگ ضمانت پر ہیں ان کی ضمانتیں منسوخ کرانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سی پیک کے فیصلوں سے متعلق ہم حکومت کو کھلواڑ نہیں کرنے دیں گے، سندھ میں جو کچھ ہوا اس قسم کے ہتھکنڈوں سے ملک میں انتشار بڑھے گا۔

مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ کراچی میں اشتہاری ملزم سے ایف آئی آر کٹوائی گئی، ہم ساری قوم کی جنگ لڑ رہے ہیں، حکمرانوں کو عام آدمی کا احساس نہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ حکومت کی نا اہلی سے معیشت تباہ ہوگئی ہے، ملک بچانا ہے، ہم اپنے مؤقف پر قائم ہیں، اسی کو آگے لے کر جائیں گے۔

سربراہ پی ڈی ایم نے کہا کہ پی ڈی ایم کا اتحاد ایک تحریک ہے، اگر یہ جلسے کی سیکیورٹی نہیں دے سکتے تو بتائیں ہم اپنے رضاکاروں کو اتاریں گے۔

مولانا فضل الرحمٰن کا کہنا ہے کہ پی ڈی ایم اے کے اعلامیے میں استعفے کا آپشن بھی موجود ہے، کراچی واقعے پر ہر پولیس افسر نے خود ردِ عمل دیا ہے۔


انہوں نے کہا کہ یہ صورتِ حال سندھ میں نہیں پورے ملک میں ہے، یہ صورتِ حال کہیں بھی پیدا ہو سکتی ہے، لاپتہ افراد اگر کسی جرم میں ملوث ہیں تو عدالتیں موجود ہیں۔

مولانا فضل الرحمٰن کا مزید کہنا ہے کہ کیا عدالتیں صرف سیاستدانوں کے لیے ہیں، اردو ہماری قومی زبان ہے، یہ رابطے کی زبان ہے۔

پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے سربراہ نے یہ بھی کہا کہ سی پیک پاکستان کے لیے ریڑھ کی ہڈی ہے، اسمبلی میں غیر منتخب لوگ بیٹھے ہوئے ہیں۔

تازہ ترین