پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری کا ریڈیو پاکستان کی سی بی اے کے عہدیداران سمیت 40 ملازمین کی گرفتاری کی مذمت کی گئی ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے یو ایس او کے جنرل سیکریٹری محمد اعجاز اور دیگر کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے اپنے بیان میں کہا ہے کہ سلیکٹڈ حکومت نے اب جمہوری ہونے کا دکھاوا کرنا بھی چھوڑ دیا ہے، پر امن احتجاج ہر شہری کا حق ہے، مگر لگتا ہے اس پر بھی غیر اعلانیہ پابندی لگا دی گئی ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ سرکاری ملازمین کو نوکریوں سے نکالنا ظلم اور ان کے احتجاج کو طاقت سے روکنا جبر ہے۔
انہوں نے مزید کہا ہے کہ ریڈیو پاکستان کے برطرف ملازمین کو بلا تاخیر بحال اور گرفتار ملازمین کو فوراً رہا کیا جائے۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی اقتدار میں آ کر برطرف ملازمین کو مراعات کے ساتھ بحال کرے گی۔