• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

این آر او نہ ملنے پر اپوزیشن نے اداروں پر تنقید شروع کردی، مراد سعید


وفاقی وزیر برائے مواصلات مراد سعید کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان سے این آر او نہ ملنے پر اپوزیشن نے اداروں پر تنقید شروع کردی ہے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مراد سعید کا کہنا تھا کہ قائداعظم کے مزار پر کیپٹن (ر) صفدر نے جو کیا اس پر پوری قوم کا دل دکھی ہے۔

انھوں نے کہا کہ اپوزیشن کی جلسیاں دیکھ کر معلوم ہوتا ہے کہ عوام نے انہیں مسترد کردیا ہے۔

مراد سعید نے اپنی پریس کانفرنس کے دوران شہید سیکیورٹی اہلکاروں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔

اپوزیشن کو ہدف تنقید بناتے ہوئے مراد سعید کا کہنا تھا کہ قائد کے پاکستان کے ساتھ جو کیا وہ الگ لیکن قائد کے مزار پر انہوں نے جو کیا اس کی مذمت کرتا ہوں۔

انھوں نے کہا کہ جو گھر میں خواتین ہیں ان کا جلسوں میں ذکر کرنا قابل مذمت ہے۔

مراد سعید نے سوال اٹھایا کہ 20 ستمبر سے کیا ایسا ہوا کہ اداروں کو نشانہ بنایا جارہا اور سڑکوں پر نکلا جارہا ہے۔

ماضی کی حکومتوں کی پالیسی پر تنقید کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ جو معیشت یہ چھوڑ کر گئے انہیں لگتا تھا کہ پاکستان اس سے نہیں نکلے گا، 17 سال بعد پاکستان کرنٹ اکاؤنٹ خسارے سے نکل کر استحکام کی طرف جا رہا ہے۔

انھوں نے یہ بھی کہا کہ 35 سال بعد بھی ایسا ہیلتھ سسٹم چھوڑ کر گئے کہ پیٹ بھی خراب ہوجائے تو باہر چلے جاتے ہیں۔

پاکستان میں کورونا وائرس پر بات کرتے ہوئے مراد سعید نے کہا کہ این سی او سی کی پالیسیوں کی وجہ سے پاکستان میں کورونا کی وجہ سے بحران پیدا نہیں ہوا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کو حکومت نے گرے لسٹ سے نکالنا ہے۔

اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے مراد سعید کا کہنا تھا کہ جب قانون سازی ہونی تھی تو انہوں نے قومی اسمبلی میں تحریری این ار او مانگا، یہ کہتے تھے کہ پاکستان بلیک لسٹ میں جاتا ہے تو جائے ہمیں این آر او مل جائے۔

مراد سعید کا کہنا تھا کہ جھوٹ بھی بولو، کرپشن بھی کرو، مفرور بھی ہو اور پھر چیخیں بھی تم مارو۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان سے تحریری این ار او مانگا جو نہیں دیا گیا، جب این ار او نہیں ملا تو اداروں اور حکومتوں پر بولنا شروع کردیا۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے جس طرح کشمیر کا مقدمہ لڑا بھارت کو اس پر تکلیف ہے، وزیراعظم نے فلسطین کے لیے بھی بین الاقوامی سطح پر آواز بلند کی۔

انھوں نے یہ بھی کہا کہ تمام رپورٹس میں بھارت کو دہشت گرد کی نظر سے دیکھا جارہا ہے، مودی اور ہندوتوا کی سوچ کو وزیراعظم عمران خان نے پوری دنیا کے سامنے پیش کیا۔

بھارتی میڈیا کے پروپیگنڈے پر بات کرتے ہوئے مراد سعید کا کہنا تھا کہ جب بھارتی میڈیا نے پاکستان میں سول وار ڈکلیئر کردی تھی، اس موقع پر جس طرح عوام نے جواب دیا اس پر ان کو سلام پیش کرتا ہوں۔

تازہ ترین