وفاقی وزیرِ مواصلات مراد سعید کا کہنا ہے کہ ایک بار پھرثابت ہوا اپوزیشن کی نظرمیں پارلیمان صرف این آر او مانگنے، بلیک میل کرنے اور تقریریں کرکے فرار کا نام ہے۔
مراد سعید نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ اپوزیشن کی نظر میں پارلیمنٹ کا مقصد ذاتی مفادات، این آر او مطالبے کےسوا کچھ نہیں ہے، فرزند زرداری کے مشاورت سے بلائے گئے اہم اجلاس سے زرداری لیگ نے بھی راہ فرار اختیار کیا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ کسی بھی اہم ایشو کے حوالے سے ان کو بلایا جائے تو راہ فرار اختیار کرتے ہیں، ان کا مقصد مسائل کا حل اورملکی ایشوز پر اتفاق رائے نہیں، صرف اپنی جائیدادیں بچانا ہے۔
مراد سعید کا کہنا تھا کہ کشمیرکے اہم مسئلے پر پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں بھی نیب کیسز کا ذکر ہوتا رہا، گلگت بلتستان کے حوالے سے بلائے گئے اہم اجلاس میں بھی انہوں نے شرکت نہیں کی۔
انہوں نے کہا کہ یہ پریس کانفرنس میں الیکشن کے حوالے سے بات کرتے ہیں اور تجاویز مانگ لی جائے تو بھاگ جاتے ہیں، ٹی وی پربیٹھ کر پارلیمنٹ کی بالادستی کا لیکچر دینے والو کی غیرسنجیدگی ایک بار پھر سامنے آئی۔
ان کا کہنا تھا کہ پارلیمان کی بالادستی اہم قومی ایشو اورعوامی مفاد کی قانون سازی سےہوتی ہے جو اپوزیشن کی ترجیح نہیں ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ انشاءاللہ عمران خان کی قیادت میں گلگت بلتستان کو تمام آئینی حقوق ملیں گے۔