• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امریکی کورونا وائرس کے ساتھ جینا نہیں مرنا سیکھ رہے ہیں، جوبائیڈن


امریکی صدارتی امیدوار جو بائیڈن کہتے ہیں کہ جب کورونا وائرس کی وباء آئی تو ٹرمپ نے کہا کہ پریشان نہ ہوں، کچھ نہیں ہوگا، ہم امریکی کورونا وائرس کےساتھ جینا نہیں مرنا سیکھ رہے ہیں۔

امریکی صدارتی امیدواروں کے آخری مباحثے میں ڈونلڈ ٹرمپ کے حریف جوبائیڈن کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کی وباء پر قابو پانے میں ناکامی کا کوئی تو ذمےدار ہے، 2 لاکھ 20 ہزار امریکی کورونا وائرس سے ہلاک ہوچکے ہیں، اگر کوئی شخص ان اموات کا ذمے دار ہے تو اسے صدر نہیں رہنا چاہیئے۔

انہوں نے کہا کہ مزید 2 لاکھ امریکیوں کے کورونا وائرس سے ہلاک ہونے کا خدشہ ہے، صدر ٹرمپ کے پاس وباء کا مقابلہ کرنے کا کوئی منصوبہ نہیں ہے، ہم ٹیسٹنگ بڑھائیں گے، میں اس وباء کو ختم کروں گا، صدر ٹرمپ نے کہا تھا کہ موسمِ گرما میں کورونا وائرس ختم ہو جائے گا، اب کہتے ہیں جلد ختم ہو گا، میرے نزدیک یہ موسمِ سرما انتہائی سیاہ ثابت ہو گا۔

جوبائیڈن نے کہا کہ صدر ٹرمپ غیر ملکیوں سے ڈرنے والے شخص ہیں، جب آپ وباء میں ملک کو کھولتے ہیں تو لوگوں کو سہولت تو دیں، ہم محفوظ انداز سے ملک کھول سکتے ہیں مگر احتیاطی اقدامات ہونے چاہئیں، ٹرمپ کو پتہ تھا کہ کورونا وائرس کی وباء خطرناک ہے، مگر انہوں نے اسے چھپایا۔

انہوں نے کہا کہ امریکی عوام افراتفری کا شکار نہیں ہوتے، ٹرمپ افراتفری کا شکار ہوتے ہیں، جو بھی ملک امریکی الیکشن میں مداخلت کرے گا اسے قیمت چکانا پڑے گی، روس اورچین امریکی الیکشن میں مداخلت کر رہے ہیں، انہیں قیمت چکانا پڑے گی، اب معلوم ہوا ہے کہ ایران بھی مداخلت کر رہا ہے، اسے بھی قیمت چکانا پڑے گی۔

جوبائیڈن نے الزام عائد کیا کہ ٹرمپ کے وکیل روڈی جولیانی روس کے پیادے ثابت ہوئے، میں نے زندگی میں کسی غیر ملک سے کوئی رقم نہیں لی، میں نے 22 برس کے ٹیکس گوشوارے جمع کرائے ہیں، ٹرمپ آپ نے ٹیکس گوشوارے کیوں نہیں دکھائے، آپ کیا چھپا رہے ہیں؟


انہوں نے مزید کہا کہ یہ صدر ٹرمپ ہیں جنہوں نے چین میں خفیہ بینک اکاؤنٹ کھولے، میں نے لاکھوں ڈالر ٹیکس میں دیا ہے مگر صرف 750 ڈالر کی بات ہوتی ہے، میں نے کوئی ایک غلط کام نہیں کیا، میرے بیٹے نے بھی رقم نہیں بنائی، چین سے اگر کسی نے رقم بنائی ہے تو وہ ٹرمپ ہیں۔

جوبائیڈن کا یہ بھی کہنا ہے کہ میں یقینی بناؤں گا کہ چین عالمی اصولوں کے مطابق چلے، عوام! آپ کو میرے اور ٹرمپ کے کردار کا علم ہے، اسے غور سے دیکھ کر فیصلہ کریں، ڈونلڈ ٹرمپ نے مسلمانوں کے خلاف بات کی۔

تازہ ترین