پاکستان انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز پمز کے نفرالوجی ڈپارٹمنٹ میں کورونا وائرس کے کیسز سامنے آ ئے ہیں جس کے بعد پمز انتظامیہ نے صرف اسلام آباد کے رہائشیوں کا ڈائیلیسز کرنے کا حکم نامہ جاری کر دیا ہے۔
پمز کی انتظامیہ کی جانب سے جاری کیئے گئے حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ دیگر شہروں کے مریضوں کا صرف ایمرجنسی کی صورت میں ڈائیلیسز کیا جائے گا۔
حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ ایمرجنسی کے بعد مریضوں کو اس کے علاقوں کے اسپتالوں کو ریفر کر دیا جائے گا۔
پمز انتظامیہ نے ہدایت کی ہے کہ ڈائیلیسز کے تمام مریض اپنا کورونا وائرس کا ٹیسٹ لازمی کرائیں اور رپورٹ ہمراہ لائیں۔
پمز کی انتظامیہ کی جانب سے جاری کیئے گئے حکم نامے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ کورونا وائرس کے ٹیسٹ کی رپورٹ نہ ہونے کی صورت میں ڈائیلیسز نہیں ہو گا۔
واضح رہے کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 18 ہزار 578 کورونا وائرس سے متاثرہ مریض اب تک سامنے آئے ہیں جبکہ 205 افراد اس وباء سے جان کی بازی ہار چکے ہیں۔
ادھر پاکستان بھر میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 3 لاکھ 26 ہزار 216 ہو چکی ہے، جبکہ اس موذی وباء سے جاں بحق افراد کی کُل تعداد 6 ہزار 715 تک جا پہنچی ہے۔
کورونا وائرس کے ملک بھر میں 9 ہزار 855 مریض اب بھی اسپتالوں، قرنطینہ مراکز اور گھروں میں آئسولیشن میں ہیں، جن میں سے 586 کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ 3 لاکھ 9 ہزار 646 مریض اس بیماری سے صحت یاب ہو چکے ہیں۔