• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سرکاری خرچ پر ذاتی پیغام رسانی، ڈاکٹر روزینہ ایلن خان کو 1,142 پونڈ ادا کرنے کی ہدایت

لندن (پی اے) لیبر پارٹی کی مینٹل ہیلتھ کی شیڈو وزیر ڈاکٹر روزینہ ایلن خان کو دارالعوام کے قواعد کی تیسری مرتبہ خلاف ورزی کرتے ہوئے سرکاری خرچ پر ذاتی پیغامات بھیجنے پر گزشتہ روز 1,142پونڈ ادا کرنے کی ہدایت کی گئی۔ لیبر پارٹی کی سینئر رکن پارلیمنٹ کو پارلیمنٹ کے لیٹر ہیڈ پر ٹکٹوں کی پیشگی ادائیگی والے انویلپس میں بریگزٹ کے بارے میں 1,624 اپ ڈیٹ بھیجنے کا الزام ہے۔ پارلیمانی کمشنر برائے معیارات کیتھرن اسٹون کا کہنا ہے کہ انھوں نے گزشتہ 3 سال کے دوران تیسری مرتبہ قانون کی خلاف ورزی کی تھی۔ ڈاکٹر ایلن خان نے یہ خطوط 2 نومبر کو بھیجے تھے جس میں انھوں نے لوگوں کو بتایا تھا کہ وہ پارلیمنٹ میں بریگزٹ کا مقابلہ کس طرح کر رہی ہیں اوراگر دوبارہ منتخب ہوگئیں تو ہر حال میں عوام کے ساتھ رہوں گی۔ کسی کی جانب سے شکایت پر ان کے خلاف تفتیش شروع کی گئی۔ کیتھرین اسٹون نے فیصلہ دیا کہ دسمبر میں ٹوٹنگ کی نشست دوبارہ جیتنے کیلئے انھوں نے اپنی خدمات اور کارناموں سے ووٹرز کو آگاہ کرنے کیلئے سرکاری وسائل استعمال کئے۔ یہ خطوط اہم ذاتی مہم کے حوالے سے پیغامات تھے، جن سے ڈاکٹر ایلن کو یہ نشست دوبارہ حاصل کرنے میں مدد ملی۔ اسپیکر نے ڈاکٹر ایلن کو جرمانے کے طور پر اپنے استعمال کردہ اسٹیشنری اور لفافوں کی مکمل قیمت 1,142.52پونڈ ادا کرنے اور معافی مانگنے کی ہدایت کی ہے، اس کے علاوہ اب اگلے 3 سے 6 ماہ تک ان کی نگرانی کی جائے گی کہ وہ ضابطہ اخلاق کی مزید خلاف ورزیاں تو نہیں کررہی ہیں۔ ڈاکٹر ایلن خان نے، جنھوں نے رواں سال لیبر پارٹی کی ڈپٹی لیڈر کے انتخاب میں حصہ لیا تھا، اسٹون سے کہا کہ ان سے غلطی ہوگئی اور وہ کوشش کریں گی کہ آئندہ ایسی غلطی نہ ہو۔ انھوں نے کہا کہ میں نے بریگزٹ کے حوالے سے مجھ سے رابطہ کرنے والوں کو یہ خطوط نیک نیتی کے ساتھ بھیجے تھے اور میں سمجھ رہی تھی کہ میں قانون کے مطابق ایسا کر رہی ہوں اور اس سے میرا مقصد قطعی یہ نہیں تھا کہ لوگ مجھے ووٹ دیں۔ ادھر پوشیدہ ہیومن انٹیلی جنس سورسز بل کے معاملے پر بڑی تعداد میں لیبر ارکان نے اپنے قائد سر کیئر اسٹارمر کو استعفیٰ دینے کی دھمکی دی ہے۔ کورونا وائرس کی وجہ سے کم وبیش ایک ملین ملازمتیں خطرے میں پڑگئی ہیں جبکہ یونائیٹ نے سر کیئر اسٹارمر کے انتباہ کے بعد لیبر کو فنڈز کی فراہمی میں ایک ملین پونڈ کی کمی کردی ہے۔ بورس جانسن کے برسراقتدار آنے کے بعد کئے گئے سروے میں لیبر پارٹی کو پہلی مرتبہ کنزرویٹو پارٹی پر سبقت حاصل ہوگئی ہے۔

تازہ ترین