کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم اور نائب کپتان شاداب خان نے جارحانہ اور مثبت حکمت عملی کے ساتھ میدان میں اترنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ دونوں کھلاڑی پہلی مرتبہ ایک روزہ کرکٹ فارمیٹ میں یہ ذمہ داریاں نبھائیں گے۔ہفتے کو نائب کپتان نے سیریز میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم نے واضح کیا کہ جس طرح کھیل میں جدت آرہی ہے، اس کی رفتار بڑھتی جارہی ہے، لہٰذا ہمیں مثالی فٹنس قائم کرنا ہوگی۔انہوں نے کہا کہ بطور کپتان اور نائب کپتان ہمیں اپنی فٹنس سے دوسروں کے لیے مثال قائم کرنی ہے۔شاداب خان نے کپتان کی تائید کرتے ہوئے کہا کہ اسکواڈ میں شامل کئی کرکٹرز ان سے فٹنس پر بات کرنے آتے ہیں۔وائٹ بال کرکٹ ٹیم کے نائب کپتان کا کہنا تھا کہ وہ زمبابوے کو ترنوالہ نہیں سمجھیں گے بابراعظم نے کہا کہ پاکستان کو آئندہ چند ماہ بہت کرکٹ کھیلنی ہے اور اس میں جارحانہ حکمت عملی اپنا کر و ہ پاکستان کرکٹ ٹیم کو ایک بار پھر عالمی رینکنگ کی ٹاپ ٹیموں میں شامل کرنے کے خواہشمند ہیں۔