پنجاب کے وزیرِ اطلاعات فیاض الحسن چوہان کہتے ہیں کہ پی ڈی ایم سیاسی لکی ایرانی سرکس کی ناکامی کی آج ہیٹ ٹرک ہونے جا رہی ہے۔
لاہورسے جاری کیئے گئے ایک بیان میں وزیرِ اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان کا کہنا ہے کہ غیر متحدہ اپوزیشن کی پی ڈی ایم ’بھان متی کا کنبہ‘ کی عملی تصویر ہے۔
انہوں نے کہا کہ اختلاف کا عالم یہ ہے کہ بلاول نے جلسے سے زیادہ گلگت بلتستان کے الیکشن کو اہمیت دی۔
وزیرِ اطلاعات پنجاب نے کہا کہ بلاول زرداری اپنی سیاست کو بیگم صفدر اعوان اور نواز شریف سے دور رکھ کر عقل مندی کا ثبوت دے رہے ہیں۔
فیاض چوہان کا کہنا ہے کہ کراچی کے جلسے میں نواز شریف کی تقریر نشر نہ کرنا اور آج جلسے سے غیر حاضری بلاول کی سیاسی سمجھ داری ہے۔
انہوں نے کہا کہ بیگم صفدراعوان کا ’ووٹ کو عزت دو‘ کا نعرہ دراصل ’مجھے لندن جانے دو‘ کی دہائی ہے۔
وزیرِ اطلاعات پنجاب کا مزید کہنا ہے کہ بیگم صفدر اعوان کی سیاسی جدوجہد کا مقصد صرف ذاتی مفادات کا تحفظ ہے۔
فیاض الحسن چوہان کا یہ بھی کہنا ہے کہ اپوزیشن چاہے کے ٹو پر چڑھے یا برج خلیفہ پر، این آر او اور کرپشن پر اسے رعایت نہیں ملے گی۔