• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بیگم صفدر ملکہ ٹویٹر ہیں اور ان کو کوئی کام نہیں، فیاض چوہان

وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان کا کہنا ہے کہ بیگم صفدر ملکہ ٹوئٹر ہیں  اور ان کو کوئی کام نہیں، یہ وہ شخصیت ہیں جو سوشل میڈیا کی لیڈر ہیں۔

وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے لاہور کے ایوان وزیراعلیٰ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ مکس اچار پارٹی نے ابھی تک 2 لکی ایرانی سرکس کیے ہیں۔

 فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ بلاول کہتے ہیں 200 روپے کلو انڈے، 200 روپے کلو ٹماٹر ہوگئے، اُنہوں نے خود خریداری کی ہو تو پتا ہو درجن میں کیا چیزیں آتی ہیں اور کلو میں کیا آتی ہیں۔

اُنہوں نے کہا کہ پاکستان میں کورونا وائرس سے جتنی اموات ہوئیں اس کی 40 فیصد تعداد سندھ سے ہے۔

فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ مرادعلی شاہ کئی سالوں سے سندھ اسمبلی کے ممبر چلے آرہے ہیں جبکہ عثمان بزدار پہلی مرتبہ ایم پی اے اور وزیر اعلیٰ بنے ہیں۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ پنجاب میں پچھلے سال گندم کا ٹارگٹ پورا کیا گیا جبکہ سندھ میں زیرو فیصد خریداری تھی، ایک دانہ نہیں خریدا گیا۔

فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ پچھلے سال سندھ کے لیے پاسکو نے 5 لاکھ ٹن گندم رکھی تھی کہ انہوں نے خریدنی ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ عثمان بزدار نے17 سے 30 ہزار ٹن گندم روزانہ فلور ملز کو فراہم کی۔

اُن کا کہنا تھا کہ گندم سبسڈی پر دے رہے ہیں لیکن سندھ میں فلور ملز کو ایک دانہ فراہم نہیں کیا گیا۔

وزیر اطلاعات پنجاب نے سید مراد علی شاہ کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ کہتے ہیں آئی جی ہمارے کنٹرول میں نہیں، اس کا مطلب ہے آپ مانتے ہو کہ نااہل ہو۔ 

اُن کا کہنا تھا کہ آئی جی سندھ آپ کا زرخرید غلام، آپ کی نوسر بازی پر آپ کو سپورٹ کرتا تھا۔

فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ امید ہے 200 روپے کلو انڈوں والی سرکار بات کرنے سے پہلے سوچے گی ،مکس اچار پارٹی صفدر اعوان کی بےتوقیری پر چیخ رہی ہے، صفدر اعوان کی بےتوقیری ہوگئی، سیاپا پے گیا۔

اُنہوں نے کہا کہ مکس اچار پارٹی کے آٹھ سے بارہ لیڈر آکر پریس کانفرنس کرتے ہیں، چار دن گزر گئے لیکن کسی مکس اچارٹی پارٹی کے لیڈر کی جرات نہیں ہوئی کہ قوم سے معافی مانگ لے۔

اپنی پریس کانفرنس میں فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ بنیادی ایجنڈا پاکستان کی فوج اور اداروں کو دباؤ میں لانے کی ناکام کوشش ہے۔

فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ آرمی چیف نے انکوائری کا حکم دیا ہے، دودھ کا دودھ پانی کا پانی ہو جائے گا۔

اُنہوں نے کہا کہ مکس اچار پارٹی تین چیزوں کے گرد گھوم رہی ہے۔ پہلا  تماشا، دوسری آشا اور تیسری ان کی بھاشا ہے، تماشا ان کا کرپشن، منی لانڈرنگ، کک بیکس، انڈیا سے تجارت، جعلی اکاؤنٹ کا ہے، تماشا ان کا کھربوں ڈالر کی لوٹ مار کا ہے۔

وزیر اطلاعات پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ ان کی آشا ہے این آر او، نیب ریفرنس کیسز سے ریلیف جبکہ بیگم صفدر اعوان کی آشا ہے انہیں یہاں سے نکال کر لندن بھجوا دیا جائے۔

فیاض چوہان نے اپنی پریس کانفرنس میں ماضی میں نواز شریف سے متعلق آصف زرداری کی آڈیو سنواتے ہوئے کہا کہ والیم 10 کھل جائے تو بہت سی چیزیں سامنے آجائیں گی۔

اُنہوں نے کہاکہ فوج ہمیشہ منتخب حکومت کے ساتھ ہوتی ہے جبکہ انتظامیہ اور پولیس سوفیصد صوبوں کے تابع ہے۔

اُن کا مزید کہنا تھا کہ اداروں کےدرمیان تفرقہ ڈالنےکی پری پلان کوشش کی گئی۔

تازہ ترین