پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ موجودہ حکومت نے ہر طبقے کو ریلیف نہيں تکلیف پہنچائی ہے،آج بھی سرکاری ملازمین احتجاج کر رہے ہیں۔
شگر میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ ہمیں گلگت بلتستان کے عوام کو اس سلیکٹڈ سے بچانا ہے، ہم غربت میں اضافہ نہیں افورڈ کرسکتے، یہی وجہ ہے کہ ہم نے عمران کو روکنا ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ جو حال انہوں نے پختونخوا، پنجاب اور اسلام آباد کے ساتھ کیا، یہاں نہیں کرنے دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ جب تبدیلی والے آتے ہيں تو تباہی ہی تباہی ہے۔
چیئرمین پی پی نے کہا کہ تاریخی استقبال پر عوام کا مشکور ہوں،میں کسی کے اشارے پر چلنے والا کٹھ پتلی نہیں ہوں، بلکہ میں آپ کے ووٹوں سے طاقت لیتا ہوں۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ پیپلزپارٹی کا 2018 کا منشور پورے گلگت بلتستان کا مطالبہ ہے جب آپ کے ووٹوں سے ملک کا وزیراعظم بنے گا، فیصلے ہوں گے تو پھر آپ کی قسمت بھی بدلے گی، ماضی میں بھی پیپلز پارٹی نے ہی روزگار دیا ہے۔