• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت، اسرائیل، پی ڈی ایم ایک ہی مثلث کے تین رُخ ہیں، شبلی فراز


وفاقی وزیرِ اطلاعات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ بھارت، اسرائیل اور پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) ایک ہی مثلث کے تین رخ ہیں۔ پی ڈی ایم کا بیانیہ ملک دشمن عناصر کی تائید کر رہا ہے اسی اتحاد کے ایک لیڈر اویس نورانی نے جلسے کے اسٹیج سے آزاد بلوچستان کا نعرہ لگایا ہے جس کی مذمت کرتے ہیں۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شبلی فراز نے کہا کہ سزا یافتہ مریم نواز کو سوالات پوچھنے کا کوئی حق نہیں ہے، لیگی نائب صدر نے چار سال سے ایک سوال کا جواب نہیں دیا کہ لندن کے فلیٹ خریدنے کے لیے پیسے کہاں سے آئے؟ اور وہ پیسے کیسے پاکستان سے برطانیہ بھیجے گئے؟

شبلی فراز نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان ملک لوٹنے والوں کو کسی صورت نہیں چھوڑیں گے۔

وفاقی وزیرِاطلاعات نے کہا کہ پی ڈی ایم اگر جلسے میں شانِ رسالتﷺ پر بات کرتی تو بہتر ہوتا، وزیراعظم عمران خان نے شان رسالتﷺ کے حوالے سے اقوامِ متحدہ میں بات کی تھی۔


شبلی فراز نے کہا کہ لوٹی ہوئی دولت بچانے کے لیے کسی کو جمہوریت کی آڑ نہیں لینے دیں گے، عمران خان کی سیاست کا محور ملک کو کرپٹ عناصر سے پاک کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سابقہ ادوار میں اداروں کو ذاتی مفادات کے لیے استعمال کیا گیا، جبکہ وزیراعظم عمران خان ملک لوٹنے والوں کو کسی صورت نہیں چھوڑیں گے۔

وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے کہا کہ ہماری ڈائریکشن ٹھیک ہے، ہم اداروں کو مضبوط کریں گے۔

تازہ ترین