• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بے یقینی اور بے امنی پھیلانے والوں سے حساب لیا جائے گا، شبلی فراز


وفاقی وزیراطلاعات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ بے یقینی اور بے امنی پھیلانے والوں سے حساب لیا جائے گا، اپوزیشن دشمن کو خوش کرنے والے بیانیے کو تقویت دے رہی ہے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شبلی فراز نے کہا کہ اپوزیشن نے اداروں کو لڑانے کی کوشش کی ہے، قوم ان سے حساب لے گی، اپوزیشن کا بیانیہ دشمنوں کو خوش کرنے کی کوشش ہے۔

شبلی فراز نے کہا کہ یہ اس لیے اکٹھے ہوئے ہیں کیونکہ ان کے مفادات ایک ہیں، یہ احتساب کے عمل کو سبوتاژ کرنے کی کوشش ہے۔

شبلی فراز نے کہا کہ بلاول نے خاتون اول کو بھی سیاست میں گھسیٹا، جن کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں ہے، ان کو نہیں پتہ کہ یہ آگ سے کھیل رہے ہیں،بلاول اپنے قد سے بڑی بات کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مریم نواز بھی وراثت کی پیداوار ہیں اور آپ لوگوں نے جمہوریت کو کاروبار کا ذریعہ سمجھا ہوا ہے، آپ باہر بیٹھ کر بزدلوں کے طرح تقریر کرتے ہیں، آپ کی پارٹی میں کوئی آپ کے ساتھ نہیں ہے۔


شبلی فراز نے کہا کہ ان کی سیاست ذاتی مفاد کا مجموعہ ہے، یہ اپنے آپ کو کرپشن کے کیسز سے نجات دلانا چاہتے ہیں، وہ دن دور نہیں جب یہ سب کٹہرے میں کھڑے ہوں گے اور جیل میں ہوں گے، ان کے پاس کوئی اخلاقی جرات نہیں کہ سچ کا سامنا کر سکیں، اومنی گروپ کے معاملات پر یہ جواب نہیں دے رہے۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ کرپشن پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو گا، اگر اپوزیشن ملکی مفاد میں قانون سازی کے لیے بل لائے تو ہم بات کرنے کے لیے تیار ہیں۔

تازہ ترین