بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں ہونے والے پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے جلسے میں بھی فرانس میں گستاخانہ خاکے لگانے کی سخت الفاظ میں مذمت کی گئی۔
پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ پوری امت فرانسیسی صدر کے اس اقدام کی شدید مذمت کرتی ہے۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا کہ فرانس میں لگائے گئے توہین آمیز خاکوں سے تمام مسلمانوں کے جذبات مجروح ہوئے ہیں۔
اپنے خطاب میں سب سے پہلے مریم نواز نے فرانس میں خاتم النبیین حضرت محمدﷺ کی شان میں ہونے والی گستاخی کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی۔
مریم نواز نے کہا کہ فرانس میں توہین آمیز خاکوں سے ہمارے جذبات بری طرح مجروح ہوئے ہیں، ہمار ے پیارے نبیﷺ کا ذکر اللّٰہ تعالیٰ نے بلند کردیا، اس ذکر پر رہتی دنیا تک آنچ نہیں آئے گی۔
واضح رہے کہ اپوزیشن جماعتوں کے حکومت مخالف اتحاد پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) نے اپنا تیسرا پاور شو کوئٹہ میں کیا۔
کوئٹہ کے ایوب اسٹیڈیم میں مولانا فضل الرحمٰن، مسلم لیگ نون کی نائب صدر مریم نواز پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری و دیگر رہنماؤں نے خطاب کیا۔
جلسہ گاہ میں سردار اختر مینگل، محمود خان اچکزئی، یوسف رضا گیلانی، راجہ پرویز اشرف، انس نورانی، آفتاب شیر پاؤ، امیر حیدر خان ہوتی سمیت دیگر رہنما بھی موجود تھے۔
کوئٹہ میں ہونے والے جلسے کو شہدائے جمہوریت پاکستان سے منسوب کیا گیا۔