وزیراعظم عمران خان کے نمائندہ خصوصی برائے بین المذاہب ہم آہنگی حافظ طاہر اشرفی نے کہا ہے کہ فرانسیسی حکومت کو توہین آمیز خاکوں کی سرپرستی بند کرنی چاہیے۔
لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران حافظ طاہر اشرفی نے کہا کہ آج ہم سب چرچ آف پاکستان میں جمع ہوئے ہیں، ہمارے دل زخمی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حضورِ اکرم صلی اللّٰہ علیہ وسلم کی ذات سے بڑھ کر ہمیں اور کوئی عزیز نہیں، حکومت پاکستان تمام اسلامی ممالک سے رابطے میں ہے۔
انہوں نے کہا کہ کہیں بھی کسی بھی مذہب کے ماننے والوں کے ساتھ زیادتی ہو، ہم مذمت کرتے ہیں۔
وزیراعظم کے معاون خصوصی نے مزید کہا کہ فرانسیسی صدر میکرون کے بیان سے دنیا بھر کے امن پسند متاثر ہو رہے ہیں، فرانس کے سفیر کو آج دفتر خارجہ میں طلب کیا گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ مذہبی منافرت پر اقوام متحدہ (یو این) کو بھی اپنا کردار ادا کرنا چاہیے اور فرانسیسی حکومت کو بھی توہین آمیز خاکوں کی سرپرستی بند کرنی چاہیے۔
حافظ طاہر اشرفی نے یہ بھی کہا کہ آج عالم اسلام اور عرب میں پاکستان کے موقف کو سراہا جارہا ہے، کوشش ہے کہ اقوام متحدہ سے تمام مذاہب کے احترام کا قانون نافذ ہو۔