• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فرانسیسی صدر کا اسلام مخالف بیان، اردوان برہم

فرانسیسی صدر میکروں کے اسلام مخالف بیانات پر ترک صدر طیب اردوان برہم ہوگئے، فرانسیسی صدر میکروں کو دماغی معائنے کا مشورہ دے دیا، فرانس نے ترک صدر کے بیان کو ناقابل قبول قرار دے دیا۔

فرانسیسی صدر کی جانب سے فرانس کی سیکیولر حیثیت کے دفاع میں اسلام کو تنقید کا نشانہ بنانے پر ترک صدر طیب اردوان کا کہنا تھا کہ آخر میکروں کو اسلام اور مسلمانوں سے مسئلہ کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایک ایسا سربراہ مملکت جس کا رویہ دوسرے مذاہب کے لاکھوں لوگوں کے ساتھ ایسا ہے، ایسے سربراہ مملکت کے بارے میں کوئی کیا کہہ سکتا ہے سوائے اس کے کہ انہیں اپنے دماغ کا معائنہ کرانا چاہیے۔

ترک صدر کے اس بیان کے بعد فرانس نے مشاورت کے لیے اپنے سفیر کو ترکی سے بلا لیا ہے۔

اپنے انٹرویو کے دوران اردوان نے سوال کیا کہ اس شخص میکرون کو اسلام اور مسلمانوں کے ساتھ کیا مسئلہ ہے؟ اسے تو اپنا علاج کروانا چاہیے۔

ترک صدر نے یہ بھی کہا کہ آپ مسلسل اردوان کو نشانہ بنارہے ہیں، لیکن اس سے آپ کو کچھ حاصل نہیں ہوگا۔ 

رجب طیب اردوان کا کہنا تھا کہ فرانس میں انتخابات قریب ہیں، ان کی قست بھی ہم دیکھ لیں گے۔

انھوں نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ میرا نہیں خیال کہ میکروں زیادہ لمبا جاسکیں گے، کیونکہ انھوں نے فرانس کے لیے کچھ نہیں کیا بلکہ جو بھی کیا اپنے لیے کیا۔

واضح رہے کہ خلیج تعاون کونسل (جی سی سی) اور یونیسکو فرانس میں کویتی مشن نے فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون کے اسلام سے متعلق بیان کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور ان کے ریمارکس کو غیر ذمہ دارانہ قرار دے کر مسترد کردیا۔

تازہ ترین