• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سی پیک جوائنٹ ورکنگ گروپ کا اجلاس،مختلف منصوبوں پربریفنگ

اسلام آباد(اے پی پی)ٹرانسپورٹ انفرااسٹرکچر پر چین پاکستان اکنامک کوریڈور جائنٹ ورکنگ گروپ کا آٹھواں اجلاس پیر کو وڈیو لنک کے ذریعے وزارت مواصلات میں ہوا،وفاقی سیکرٹری مواصلات کی چترال چکدرہ موٹروے کو سی پیک مغربی روٹ میں شامل کرنےکی تجویز دی گئی،اجلاس میں وفاقی سیکرٹری مواصلات ظفر حسنچین کے نائب وزیر برائے ٹرانسپورٹ ڈائی ڈانگ چنگ ، چین کے انٹرنیشنل کوآپریشن کے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل شان ھانگ جن،نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے چیئرمین کیپٹن (ر) سکندر قیوم ،وزارت خارجہ، سی پیک اتھارٹی، وزارت ریلویز،وزارت میری ٹائم،حکومت سندھ،حکومت خیبر پختونخوا، حکومت بلوچستان اور سول ایوی ایشن اتھارٹی کے نمائندوں نے شرکت کی،اجلاس میں جن منصوبوں پر غور وخوض کے بعد اتفاق کیا گیا ان میں پشاور ڈیرہ اسماعیل خان موٹروے،سوات ایکسپریس وے فیز۔ II اور دیر ایکسپریس وے بھی شامل ہیں، اجلاس میں ML-1 پراجیکٹ،کراچی سرکلر ریلوے،پشاور سرکلر ریلوے اور کوئٹہ ماس ٹرانزٹ پراجیکٹ پر بھی بریفنگ دی گئی،اجلاس میں چترال ، شندور،گلگت،نوکنڈی ماشکیل،پنجگور، میرپور،مظفر آباد اورمانسہرہ منصوبوں پر غور کیا گیا، سیکرٹری مواصلات ظفر حسن نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سی پیک دونوں دوست ممالک کی قیادتوں کے وژن کا عملی اظہار ہے ، انہوں نے سوات ایکسپریس وے اور M-1 سے منسلک ہونیوالی چترال چکدرہ موٹروے کو سی پیک کے مغربی روٹ میں شامل کرنیکی تجویز دی ،انہوں نے قراقرم ہائی وے کے لینڈ سلائیڈنگ سے متاثرہ حصے کی سٹڈی کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ضروری ہے کہ ہائی وے پر ٹریفک کے بہاؤ کو یقینی بنایا جائے اور لینڈ سلائیڈنگ سے ہر ممکن حدتک بچا جاسکے۔ چین کے نائب وزیر ٹرانسپورٹ ڈائی ڈانگ چنگ نے کہا کہ چین اور پاکستان کے درمیان تعمیراتی منصوبوں میں تعاون وسیع ہورہا ہے جس سے پاکستان میں ترقی کی رفتار تیز ہوگی،ہماری خواہش ہے کہ سی پیک کے منصوبوں کو اعلیٰ معیار کیساتھ باہمی تعاون سے مکمل کیا جائے۔چیئرمین این ایچ اے کیپٹن(ر) سکندرقیوم نے اجلاس کو بتایا کہ سکھر ملتان اور حویلیاں تھا کوٹ موٹرویز کو اعلی ٰمعیار کے مطابق ریکارڈ مدت میں مکمل کیا گیا، قراقرم ہائی وے کے 136 کلومیٹر تھا کوٹ رائے کوٹ سیکشن نہایت اہم لنک ہے اسکی ری الائنمٹ کیلئے کنسلٹنٹ ہائیر کرنے کیلئے ٹی او آر کی منظوری دیدی گئی ہے جبکہ 210کلومیٹر طویل ڈیرہ اسماعیل خان ژوب سیکشن کی اپ گریڈیشن ترجیحی بنیادوں پر کرنے کی ضرورت ہے۔

تازہ ترین