پاکستان نے بھارت سے کشمیر سے متعلق 5 اگست 2019ء کا اقدام فوری طور پر واپس لینے کا مطالبہ کردیا ہے۔
کشمیر کے حوالے سے یوم سیاہ کے موقع پر دفتر خارجہ نے بھارتی ناظم الامور کو طلب کیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق یوم سیاہ کے موقع پر پاکستان نے کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر بھارت سے شدید احتجاج کیا۔
ترجمان کے مطابق بھارتی ناظم الامور سے کہا گیا کہ بھارتی حکومت کشمیریوں کو سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حق خودارادیت دے۔
دفترخارجہ نے بھارتی ناظم الامور سے کہا کہ بھارت 5 اگست 2019ء کا اقدام فوری طور پر واپس لے اور خطے کی جغرافیائی تبدیلی سے باز رہے۔
دفترخارجہ نے بھارتی سفارتی نمائندے پر واضح کیا کہ بھارت کے غیر قانونی اقدامات کشمیر کی متنازع حیثیت کو ختم نہیں کرسکتے ہیں۔