• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سیتھوپتی کی بیٹی کو ریپ کی دھمکی دینے والے نے معافی مانگ لی

بھارتی اداکار وجے سیتھوپتی کی بیٹی کو ریپ کی دھمکی دینے والے شخص نے معافی مانگ لی۔

سری لنکا سے تعلق رکھنے والے اس شخص نے سیتھوپتی اور ان کی بیٹی سے متعلق ریماکس اور اپنے سلوک پر معافی مانگی۔

واضح رہے کہ دنیائے کرکٹ کے عظیم بولر متھایا مرلی دھرن کی زندگی پر بھارت میں تامل زبان میں فلم بنانے کی خبریں زیر گردش ہیں، جس کا ایک پوسٹر بھی جاری کیا گیا تھا۔

ابتدا میں اداکار وجے سیتھوپتی نے فلم میں مرلی دھرن کا کردار ادا کرنے کی حامی بھری تھی، لیکن بھارت میں تنازع کھڑا ہونے پر وہ فلم سے علیحدہ ہوگئے تھے۔

تاہم اسی دوران ایک شخص نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر سیتھوپتی کے پیغام کے جواب میں اُن کی بیٹی کے ریپ کی دھمکی دے ڈالی تھی۔

اس شخص کے ریپ کی دھمکی کے بعد شوبز شخصیات نے اس کی سختی سے مذمت کی تھی۔

تاہم اب اسی شخص کی سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو سامنے آئی ہے جس میں اس شخص کا کہنا تھا کہ ’میں نے وجے سیتھوپتی کی بیٹی سے متعلق ہتک آمیز تبصرہ کیا تھا۔ میں اُس وقت اپنی نوکری کے ختم ہونے اور وجے سیتھوپتی کے فلم میں کام کرنے کے معاملے پر سے متعلق پریشان تھا۔‘

اس نے یہ بھی کہا کہ میں جانتا ہوں کہ میں نے غلط کیا ہے اور میں سخت ترین سزا کا حقدار ہوں۔

اپنے پیغام میں اس شخص نے یہ بھی کہا کہ وجے سیتھوپتی مجھے اپنا بھائی سمجھیں اور میری اس معافی کو قبول کریں۔

اس نے بھارت اور سری لنکا سمیت پوری دنیا میں موجود تمام تامل برادری سے اپیل کی ہے کہ وہ بھی ان کی معافی قبول کریں اور انھیں معاف کردیں۔

واضح رہے کہ سری لنکن حکومت کی جانب سے تامل باغیوں کو مارنے کی حمایت کے بیان پر بھارت میں موجود تامل لوگ مرلی دھرن کو اپنا غدار سمجھتے ہیں۔

اپنے بیان سے متعلق مرلی دھرن بھی یہ وضاحت دے چکے ہیں کہ ’میں تیس سالہ طویل اس خانہ جنگی کے دوران ہی پلا بڑھا ہوں، میں جنگ کے درد کو محسوس کر سکتا ہوں، جب میں 7 سال کا تھا تو میرے والد کو مارا گیا، ہم نے بڑا وقت سڑکوں پر گزارا ہے۔‘

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ سری لنکا کی خانہ جنگی کے اختتام سے متعلق ان کے بیان کو توڑ مروڑ کر پیش کیا گیا تھا۔

خیال رہے کہ معاملات زیادہ خراب ہوجانے پر مرلی دھرن نے اداکار سیتھوپتی سے درخواست کی تھی وہ اس فلم سے علیحدہ ہوجائیں۔

مرلی دھرن نے کہا تھا کہ میں جانتا ہوں کہ سیتھوپتی کچھ لوگوں کی جانب سے دباؤ برداشت کر رہے ہیں، میں نہیں چاہتا کہ وجے سیتھوپتی جیسے اسٹار ان لوگوں کی وجہ سے مصیبت میں آئیں جو میرے متعلق غلط فہمی کا شکار ہیں۔

مرلی دھرن کے اس بیان کو وجے سیتھوپتی نے سوشل میڈیا پر شیئر کیا اور لیجنڈری کرکٹر کا شکریہ بھی ادا کیا۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق وجے سیتھوپتی کے مینیجر نے کہا تھا کہ اداکار اب یہ فلم نہیں کریں گے۔

تازہ ترین