• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکومت کو معلوم تھا پشاور میں واقعہ ہونے والا ہے، سراج الحق

امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق کا کہنا ہے کہ حکومت کو علم تھا کہ پشاور میں واقعہ ہونے والا ہے، پھر بھی حکومت غفلت میں سوئی رہی، واقعہ حکومت کی ناکامی ہے، اس خون پر خاموش نہیں رہیں گے۔

پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے پشاور واقعے پر شدید افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مسجد میں قرآن و احادیث کی تعلیم حاصل کرنے والے طلباء پر حملہ ہوا۔

سراج الحق نے کہا کہ واقعہ کی مذمت کے لیے الفاظ کم ہیں، یہ آرمی پبلک اسکول کی طرح المناک واقعہ ہے اُنہوں نے کہا کہ اس حملے کو اسلام آباد پر حملہ تصور کیا جائے۔

اُنہوں نے کہا کہ حکومت کو فوری طور پر کارروائی کرنی چاہیے کیونکہ اگر حکومت نے مجرموں کو گرفتار نہیں کیا تو بچوں کے خون کی ذمہ دارحکومت ہے۔

امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق کا کہنا تھا کہ صرف انڈیا یا افغانستان پر الزام سے مسئلہ حل نہیں ہوتا بلکہ حکومت ایکشن پلان کا اعلان کرے۔

سراج الحق کا مزید کہنا تھا کہ مسجد دھماکے اور فرانس میں گستاخانہ خاکوں کے خلاف جمعہ کو احتجاج کریں گے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز پشاور کے رنگ روڈ پر دیرکالونی میں واقع مدرسہ جامعہ زبیریہ میں بم دھماکا ہوا تھا جس کے نتیجے میں طلبہ سمیت 8 افراد شہید جبکہ 2 اساتذہ سمیت 112 افراد زخمی ہوگئے تھے، جن میں سے 10 زخمی طلبہ کی حالت نازک ہے۔

بم ڈسپوزل یونٹ کے مطابق دھماکے میں 7 کلو گرام وزنی دھماکا خیز مواد استعمال ہوا ہے۔ 

تازہ ترین