وومن ڈیموکریٹک فرنٹ کی صدر عصمت رضا شاہجہان آج یورپین پارلیمنٹ کی انسانی حقوق، جینڈر اور شہری آزادیوں کی مشترکہ کمیٹیوں، خواتین کے حقوق سے متعلق کانفرنس سے خطاب کریں گی، یورپین پارلیمنٹ میں رواں ہفتہ خواتین کے مساوی حقوق کے لیے منایا جارہا ہے جس میں کانفرنسز اور سیمینارز کا سلسلہ جاری ہے ۔
آج ہونے والی عالمی کانفرنس میں دنیا بھر سے تین خواتین کو ور چوئیل خطاب کے لیے مدعو کیا گیا ہے، ان تین خواتین میں پاکستان کی نمائندگی عصمت شاہجہان کر رہی ہیں، دیگر خواتین میں تیونس کی معروف قانون دان اور سابق رکن قومی اسمبلی بشرہ بالحاج حمیدہ فلپائین سے معروف صحافی اور مصنف ماریہ ریسہ شامل ہیں۔
عصمت شاہجہاں پارلیمنٹ کی انسانی حقوق کمیٹی کی چیئرمین ماریہ ایرینا اور جینڈر کمیٹی کی چیئرمین کی خصوصی دعوت پر پارلیمینٹ سے خطاب کریں گی، عصمت رضا شاہجہاں عاصمہ جہانگیر کے بعد دوسری پاکستانی خاتون ہیں جنہیں یورپین پارلیمنٹ کی تین بڑی کمیٹیوں سے خطاب کی دعوت دی گئی ہے۔
عصمت شاہجہاں زمانہ طالب علمی میں پشاور یونیورسٹی میں ڈیموکریٹک اسٹوڑینٹس فیڈریشن سے وابستہ رہی ہیں، انہوں نے نیدر لینڈ کی معروف ایراسمس یونیورسٹی کے انسٹیٹویٹ آف سوشل اسٹڈیز سے وومن اینڈ ڈیویلمنٹ ماسٹر ز کیا ہے اور پاکستان ورکرز پارٹی میں نائب صدر ہیں، وہ عالمی سطح پر خواتین کے لیے فعال جدوجہد کرنے والی بے باک رہنما کی حیثیت سے جانی جاتی ہیں۔