پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ میں کوئی کھلاڑی نہیں، سلیکٹڈ نہیں جو اپنے وعدے سے یوٹرن لے سکتا ہوں، اگر اس ملک کا وزیراعظم بننا ہے تو گلگت بلتستان کے ووٹ سے بننا ہے۔
اسکردو میں خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے منشور میں تمام مطالبات عوام کے لیے ہیں، میں ان قوتوں کو بتانا چاہتا ہوں کہ کل بھی بھٹو زندہ تھا آج بھی بھٹو زندہ ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ محترمہ نے گلگت بلتستان میں اپنے دور میں بجلی کا مسئلہ حل کیا، جبکہ گلگت بلتستان کے عوام کو حقوق ہمیشہ پاکستان پیپلزپارٹی نے دیئے۔
انہو ں نے کہا کہ شہید بے نظیر بھٹو نے گلگت بلتستان میں جمہوریت کی بنیاد رکھی، حق حاکمیت کے لیے ہمارا خون پسینہ شامل ہے، جبکہ گلگت بلتستان کے عوام کو الگ صوبہ دینا ہوگا۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ مجھے دو تہائی اکثریت دلوائیں تاکہ آپ کو آپ کی زمین کا مالک بناسکوں، ہم قانون سازی کریں گے، غریب عوام کو یہاں کی زمین کا مالک بناکر رہیں گے۔