• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی اقدام کو جنگی جرم قرار دیدیا


پاکستان نے مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے یکطرفہ اقدام کو جنیوا کنونشن کی خلاف ورزی اور جنگی جرم قرار دیدیا۔

دفتر خارجہ پاکستان نے مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی طرف سے زمینی ملکیت کے قوانین میں غیر قانونی ترمیم کو مسترد کردیا ہے۔

ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ بھارتی اقدام اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور پاک بھارت دوطرفہ معاہدوں اور بین الاقوامی قانون کی بھی خلاف ورزی ہے۔

دفتر خارجہ نے مزید کہا کہ مقبوضہ کشمیر سلامتی کونسل کی قراردادوں، عالمی قوانین کے تحت تسلیم شدہ تنازع ہے۔


ترجمان دفتر خارجہ نے یہ بھی کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں زمین کی ملکیت کے قوانین میں ترامیم کا مقصد آبادیاتی ڈھانچے کو تبدیل کرنا ہے، یکطرفہ بھارتی اقدام جنیوا کنونشن کی خلاف ورزی اور جنگی جرم ہے۔

دفترخارجہ نے کہا کہ غیر قانونی بھارتی اقدامات سے مقبوضہ کشمیر کی متنازع حیثیت کو تبدیل نہیں کیا جاسکتا۔

ترجمان نے مزید کہا کہ بھارت جابرانہ اقدام سے کشمیریوں کی جد و جہد آزادی کو نہیں دبا سکتا۔

دفتر خارجہ نے مطالبہ کیا کہ اقوام متحدہ اور عالمی برادری بھارت کو مقبوضہ کشمیر میں غیر قانونی اقدام سے باز رکھے۔

تازہ ترین