شیخوپورہ کے ڈی پی او مبشر میکن کا کہنا ہے کہ گزشتہ رات خاتون کے ساتھ مبینہ اجتماعی زیادتی کے باوردی ملزمان کا پولیس ڈیپارٹمنٹ سے کوئی تعلق نہیں ہے، یہ ملزمان جاتے ہوئے خاتون کو فون نمبر دینے سے پکڑے گئے۔
ڈی پی او شیخوپورہ کے مطابق خاتون سے مبینہ زیادتی کے دونوں ملزم گرفتار کر لیے گئے ہیں، جن کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش کی جا رہی ہے، ملزمان کا پولیس ڈیپارٹمنٹ سے کوئی تعلق نہیں، خاتون کے طبی ملاحظے کی رپورٹ کا انتظار ہے۔
گزشتہ رات شیخوپورہ میں ایسرروڈ پر موٹر وے پل کے قریب22 سالہ خاتون کے ساتھ مبینہ اجتماعی زیادتی کا واقعہ پیش آیا تھا۔
ڈی پی او شیخو پورہ مبشر میکن کے مطابق خاتون نے پولیس کو رات ایک بجے کال کر کے بلایا اور بتایا کہ وہ اپنے پڑوسی کے ہمراہ موٹر سائیکل پر بہن کے گھر جا رہی تھی کہ کار سوار 4 افراد نے انہیں روک لیا۔
انہوں نے بتایا کہ کار روکنے والوں میں سے پولیس وردیوں میں ملبوس 2 افراد نے خاتون کو اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا اور ویڈیو بنا کر چھوڑ دیا، ملزمان جاتے ہوئے اسے اپنے موبائل نمبرز بھی دے گئے تھے۔
ڈی پی او کا کہنا ہے کہ موبائل نمبرز سے ٹریس کر کے دونوں ملزم پکڑ لئے، جن سے تفتیش کی جا رہی ہے، تاہم ملزمان کا پولیس ڈیپارٹمنٹ سے کوئی تعلق نہیں ہے۔