• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کمل ہاسن نے نوازالدین صدیقی کو کیوں رُلایا ؟

بھارت کے سینئر اداکار کمل ہاسن نے اپنی ایک فلم میں نواز الدین صدیقی کا سین کاٹ دیا تھا جس پر وہ پھوٹ پھوٹ کر روئے تھے۔

نوازالدین صدیقی کی جانب سے دیئے گئے ایک حالیہ انٹرویو کے دوران اپنے کیریئر کے آغاز سے متعلق بات کی گئی۔

اس دوران اُن کا کہنا تھا کہ ’کیریئر کے آغاز میں انہوں نے بہت کچھ برداشت کیا جیسے کہ فلموں میں عکس بند کروائے گئے سین کا آخر میں کاٹ دیا جانا، چھوٹے چھوٹے کردار حاصل کرنے کے لیے بہت محنت کرنا وغیرہ۔‘

نواز الدین صدیقی نے بھارتی سینئر اداکار، ڈانسر، فلم ڈائریکٹر، اسکرین رائٹر، پروڈیوسر، پلے بیک سنگر اور سیاست دان کمل ہاسن کو اپنا آئیڈیل قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ کمل ہاسن سے بہت متاثر ہیں  اور کمل کا نام بھی لیتے ہوئے ہچکچاتے ہیں، اُن سے کمل ہاسن کا آسانی سے نام بھی نہیں لیا جاتا، وہ کمل ہاسن ، دلیپ کمار، نصیرالدین شاہ ، اینتھونی ہاپکنز اور ڈینزل واشنگٹن کو اپنا اُستاد مانتے ہیں۔

نواز الدین صدیقی نے انٹرویو کے دوران بتایا کہ ’اُن کا خواب تھا کہ وہ کمل ہاسن کے ساتھ اسکرین پر دکھائی دیں، قسمت نے انہیں یہ موقع بھی دیا، انہوں نے کمل ہاسن کے ساتھ ایک ہندی فلم ’ہے رام‘ میں معمولی سا کردار ادا کیا، وہ کمل ہاسن کی فلم میں معمولی سا کردار ملنے پر بچوں کی طرح خوش ہو رہے تھے، مگر جب فلم فائنل ہوئی تو اُن کا کمل ہاسن کے ساتھ فلمایا گیا سین فلم میں موجود نہیں تھا۔‘

نواز الدین صدیقی کا کہنا تھا کہ ’فلم کی ایڈیٹنگ کے دوران وہ سین کاٹ دیا گیا تھا جس پر وہ خوب پھوٹ پھوٹ کر روئے تھے اور اُنہیں کمل ہاسن کی بیٹی بھارتی اداکارہ شروتی ہاسن نے خاموش کروایا تھا۔‘

انہوں نے مزید بتایا کہ ’اُن کے رونے پر کمل ہاسن نے اُن سے بات کی اور بتایا کہ یہ فلم کی ضرورت تھی اُن کا سین ضرورت کے تحت کاٹا گیا ہے، انہوں نے کہا کہ ایسی صورت میں پھر وہ کمل ہاسن سے کیسے ناراض ہو سکتے تھے۔‘

نوازالدین صدیقی نے کہا کہ ’کمل ہاسن ایک مکمل،  بے تحاشہ صلاحتیں رکھنے والے اداکار ہیں، وہ کمل ہاسن کے آگے کچھ نہیں بول سکتے ہیں۔‘

تازہ ترین