• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فواد چوہدری نے قومی سلامتی کے منافی بیان کس کی ایما پر دیا؟ ن لیگ


مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے استفسار کیا ہے کہ کل فواد چوہدری نے کس کی ایما پر قومی سلامتی کے منافی بیان دیا؟

وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی براے سیاسی روابط کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ شہباز گل کو فواد چوہدری کے کل اسمبلی میں بیانیہ کی وضاحت دینی چاہیے جو ملک دشمن ہے۔

انہوں نے کہا کہ واضح اور تسلیم شدہ حقیقت ہے کہ پلواما واقعے سے پاکستان کا کوئی تعلق نہیں، ‎کابینہ کا وزیر حقیقت کے برعکس بیان کیسے دے سکتا ہے؟

ن لیگی ترجمان نے مزید کہا کہ فواد چودھری کا پاکستان کے موقف کے منافی بیان سوالیہ نشان ہے؟ میں پوچھتی ہوں کہ انہوں نے ‎کس کی ایما پر قومی سلامتی کے منافی بیان دیا؟


ان کا کہنا تھا کہ ‎بھارت فواد چوہدری کے بیان کو بنیاد بناکر پاکستان کیخلاف فیٹف جانے کا اعلان کررہا ہے، دنیا بھر اور بھارتی میڈیا میں فواد چوہدری کے بیان کی وجہ سے پاکستان کے موقف کونقصان پہنچا۔

مریم اورنگزیب نے یہ بھی کہا کہ اس بیان پر عمران صاحب اور ان کی پوری حکومت کی زبان پر تالا کیوں لگ گیا ہے؟

انہوں نے کہا کہ کرائے کے سلیکٹڈ ترجمان آئین کے بیانیےکو غداری کا بیانیہ کہہ رہے ہیں، سلیکٹڈ ٹولے کو آئین اور ووٹ چوری میں اب این آر نہیں ملے گا۔

ن لیگی ترجمان نے کہا کہ ایک نواز شریف سے دشمنی میں پورے ملک کو داؤ پر لگا دیا، پی ڈی ایم ملک، آئین اور عوام کو کرپٹ ٹولے سے بچانے نکلے ہیں اور بچا کر دم لیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ سلیکٹڈ، نااہل اور کرپٹ شخص کو 2018 میں مسلط کیا، جس کی سزا عوام کاٹ رہے ہیں، ملکی معیشت اور روزگار تباہ ہوچکا ہے۔

تازہ ترین