• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یوکے بزنس کونسل کے وفد کی ہائی کمشنر سے ملاقات، اوورسیز کمیونٹی پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھائے، معظم احمد خان

لندن ( نمائندہ جنگ ) گزشتہ دنوں یوکے پاکستان بزنس کونسل کے وفد نے لندن میں تعینات پاکستانی ہائی کمشنر معظم احمد خان سے ملاقات کی۔ ہائی کمشنر سے ملاقات کے موقع پر منسٹر ٹریڈ اینڈ انویسٹمنٹ شفیق شہزاد بھی موجود تھے۔ اس ملاقات میں پاکستان میں سرمایہ کاری کو یقینی اور مؤثر بنانے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ہائی کمشنر آف پاکستان معظم احمد خان نے اس بات پر زور دیا کہ اوورسیز کمیونٹی کو چاہئے کہ وہ نہ صرف پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھائیں بلکہ کاروباری روابط اور ایک دوسری کے ساتھ تعاون کو بھی یقینی بنایا جانا چاہئے۔ ہائی کمشنر معظم احمد خان کا کہنا تھا کہ پاکستان ہائی کمیشن لندن برطانیہ میں مقیم پاکستانی اوورسیز بزنس کمیونٹی کے ساتھ ہر قسم کے تعاون کے لئے ہمہ وقت تیار ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان ہائی کمیشن لندن کے دروازے کمیونٹی بالخصوص بزنس کمیونٹی کیلئے ہمیشہ کھلے ہیں۔ پاکستانی ہائی کمشنر معظم احمد خان کا کہنا تھا کہ بہت سی ایسی پروڈکٹس اور اشیا ہیں جن کو پروموٹ کرنے کے لئے ہم سب کو ایک دوسرے کیساتھ مل کر کام کرنا ہے اور پاکستان سے بہت سی ایسی اشیاءلائی جا سکتی ہیں جن کی برطانیہ میں نا صرف ضرورت ہے بلکہ معیار کے لحاظ سے بھی پاکستانی پروڈکٹس بہتر ثابت ہو سکتی ہیں۔ لندن میں تعینات ہائی کمشنر آف پاکستان نے یوکے پاکستان بزنس کونسل کے وفد سے ملاقات کے دوران یہ بھی کہا کہ گورنر سٹیٹ بینک اور حکومت پاکستان کی جانب سے اوورسیز کمیونٹی کیلئے روشن بینک اکاؤنٹ کی سہولت دی جا رہی ہے۔ اس پر نا صرف بزنس کمیونٹی بلکہ تمام اوورسیز کمیونٹی کو چاہئے کہ وہ اس سہولت سے بھرپور فائدہ اٹھائے۔ ہر ایک اوورسیز پاکستانی جو برطانیہ میں مقیم ہے وہ اپنا اکاؤنٹ کھلوائے اور اس اکاؤنٹ کے ذریعے پاکستان میں موجود اپنے رشتہ داروں کو پیسے بھجوائے۔ ہائی کمشنر کا کہنا تھا کہ ہم سب کو چاہئے کہ ہم روشن بینک اکاؤنٹ سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھائیں اور اپنے دوستوں ‘ عزیزوں، رشتہ داروں کو اس بات پر قائل کریں کہ وہ اپنا روشن اکاؤنٹ کھول کر بے شمار سہولیات سے فائدہ اٹھائیں۔ منسٹر ٹریڈ اینڈ انویسٹ منٹ شفیق شہزاد نے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ہائی کمشنر آف پاکستان کی سربراہی میں ہماری کوشش رہے گی کہ نہ صرف لندن بلکہ تمام کمرشل دفاتر جو پاکستان ہائی کمیشن لندن کے زیر اہتمام کام کر رہے ہیں برطانیہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے ساتھ بھرپور تعاون جاری رکھیں۔ شفیق شہزاد کایہ بھی کہنا تھا کہ اگر بزنس کمیونٹی کو کسی بھی تعاون کی ضرورت ہو تو کمرشل آفس پاکستان ہائی کمیشن لندن میں ہر وقت ان سے تعاون کےلئے تیار ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم تمام بڑے اور لوکل بزنسز کو بھی ساتھ مل کام کرنے کےلئے خوش آمدید کہتے ہیں اور ان شاءاللہ مل کر پاکستان کی خدمت خاص طورپر سرمایہ کاری کے حوالے سے خدمت کا ارادہ رکھتے ہیں۔ یوکے پاکستان بزنسل کونسل کی جانب سے صدر یوکے پاکستان بزنس کونسل برطانیہ سلیم شیخ ‘ سینئر نائب صدر سید نصیر احمد ‘نائب صدر مظفر شیخ ‘ سیکرٹری جنرل اے حق ‘ فنانس سیکرٹری ماریہ سروئیا ‘ انفارمیشن سیکرٹری امینہ احمد ‘ ہیڈ آف ہاسپٹیلٹی سید شاہ و دیگر بھی وفد میں شامل تھے۔ صدر یوکے پاکستان بزنس کونسل سلیم شیخ کا کہنا تھا کہ یو کے پاکستان بزنس کونسل کا قیام برطانیہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی اور پاکستان کے ساتھ ساتھ پوری دنیا میں بسنے والے پاکستانیوں کے ساتھ کاروباری روابط کو نا صرف تیز کرنا بلکہ آپس میں ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کر کے سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھانا ہے۔ صدر یوکے پاکستان بزنس کونسل نے یہ بھی کہا کہ UKPBC کی ہمیشہ کوشش رہی ہے آئندہ بھی رہے گی کہ پاکستان ہائی کمیشن لندن سے باہم مل کر پاکستان کے اندر سرمایہ کاری کے مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھایا جائے اور سرمایہ کاری کو فروغ دے کر نہ صرف پاکستان کے چھوٹے اور بڑے کاروباری حضرات سے ملوایا جائے بلکہ پاکستان کی مختلف اشیاءبرطانیہ ‘ یورپ اور دوسرے ممالک میں بھی متعارف کروائی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں ہمارا تعاون ہر وقت ہائی کمیشن لندن اور برطانیہ میں بسنے والی تمام بزنس کمیونٹی کے ساتھ جاری رہے گا۔یوکے پاکستان بزنس کونسل کے وفد کی ہائی کمشنر آف پاکستان معظم احمد خان اور منسٹر ٹریڈ انویسٹمنٹ شفیق شہزاد سے ملاقات میں وفد کے دیگر افراد نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا اور اس بات کا یقین دلایا کہ یوکے پاکستان بزنس کونسل پاکستان ہائی کمیشن لندن اور تمام اوورسیز بزنس کمیونٹی کے ساتھ ہر قسم کے تعاون کےلئے تیار ہے اور جہاں تک ممکن ہو سکا سروسز اور رہنمائی دینے کےلئے تیار ہو گی۔ 

تازہ ترین