اسلام آباد (طارق بٹ) حکومت نے آخر کار قومی اسمبلی میں ایک آئینی ترمیمی بل پیش کیا ہے جس میں دوہری شہریت رکھنے والوں کو انتخابات لڑنے اور سینیٹ کی کھلی رائے شماری کی اجازت دی جائے گی حالانکہ اس کے پاس پارلیمنٹ میں مطلوبہ دو تہائی اکثریت کا فقدان ہے۔ تاہم منتخب کردہ دوہری شہریت رکھنے والے کو وفاقی یا صوبائی قانون ساز کی حیثیت سے حلف اٹھانے سے قبل غیر ملکی شہریت ترک کرنا ہوگی۔ اس مقصد کے لئے 26 ویں آئینی ترمیمی بل میں آرٹیکل 63 (1) (سی) کو تبدیل کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ اس ترمیم کی پارلیمانی منظوری کے بعد دوہری شہریت رکھنے والے پر الیکشن لڑنے کی پابندی نہیں ہوگی لیکن حلف اٹھانے سے پہلے اسے غیر ملکی شہریت ترک کرنا ہوگی۔ اس طرح اس خواہش مند کو دوہری شہریت برقرار رکھنے اور الیکشن ہارنے پر بیرون ملک واپس جانے کی گنجائش رکھی گئی ہے۔