سابق اسپیکر قومی اسمبلی اور رکن قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کے بیان کی مذمتی قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع کروادی گئی ہے۔
قرارداد پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی رکنِ پنجاب اسمبلی مسرت جمشید چیمہ کی جانب سے جمع کرائی گئی جس کے متن میں کہا گیا کہ ایوان ایازصادق کے قومی اسمبلی کے فلور پر متنازع بیان کی مذمت کرتا ہے۔
قرارداد کے مطابق ایاز صادق نے نوازشریف اور بھارت کو خوش کرنے کے لیےبیان دیا، ایازصادق نے پاک فوج کیخلاف تقریر کر کے آئین شکنی کرتے ہوئے تاریخ کو مسخ کیا ہے۔
قرارداد میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ ایاز صادق کی قومی اسمبلی کی نشست سے نااہلی کا ریفرنس تیار کیا جائے اور ایاز صادق کو آئین کے آرٹیکلز کے مطابق سزا وار قرار دیا جائے۔
پنجاب اسمبلی میں جمع قراردار میں یہ بھی کہا گیا کہ ایازصادق کے بیان کی پشت پناہی کرنے والوں کے خلاف بھی بھرپور کارروائی کی جائے۔