ترجمان مسلم لیگ ن مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ نیب عدالت کے احاطے کے اندر صحافیوں کے گلے دبائے گئے، میں نے روکا اور ہاتھ پکڑے، میں نے کہا انہیں سانس لینے دیں۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ صحافیوں کے گلے دبائے گئے تاکہ شہباز شریف کی آواز آپ لوگوں تک نہ پہنچے، رپورٹرز کے پاؤں لہولہان ہیں، ورکرز کا خون نکل رہا ہے۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ یہ فاشزم، غنڈہ گردی، بدمعاشی ہے جو سیلیکٹڈ اور چور وزیراعظم انتظامیہ کو حکم دیتا ہے، وزیراعظم کی کرسی پر بیٹھ کر سیلیکٹڈ اور ووٹ چور میڈیا اور سیاسی مخالفین کے گلے دباتا ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ نیب کورٹ میں آج کھلی دہشتگردی ہوئی ہے، جج صاحب نوٹس لیں، جیو نیوز کے رپورٹر کھڑے ہوئے ہیں، صحافی عمر کے پاؤں دیکھیں۔
اپنے بیان میں اُن کا یہ بھی کہنا تھا کہ اس غنڈہ گردی اور بدمعاشی کے لیے وزیراعظم عمران خان حکم دیتے ہیں، میڈیا کے گلے بند کرو، دھمکی دینا، میڈیا کی ٹانگیں توڑو، ورکرز کو مارو۔
مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ نیب کورٹ میں رپورٹر فرائض انجام دے رہے ہیں جبکہ ورکرز اپنی قیادت کے ساتھ کھڑے ہیں۔