امریکا میں 59ویں صدارتی انتخابات میں ڈیموکریٹک امیدوار جوبائیڈن کو عوام نے غیر معمولی تعداد میں ووٹ دیے، انہوں نے سابق صدر باراک اوباما کا ریکارڈ بھی توڑدیا۔
امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق 2008ء کے صدارتی انتخابات میں صدر باراک اوباما نے 69 ملین ووٹ لیے تھے جبکہ بائیڈن نے 70 ملین سے زائد ووٹ حاصل کرلیے جبکہ ووٹوں کی گنتی کا عمل مکمل نہیں ہوا ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق صدر ٹرمپ کو بھی عوام نے 67 ملین سے ووٹ دیئے ہیں اور گنتی کا عمل تاحال جاری ہے۔
دونوں امیدواروں کے درمیان کڑا مقابلہ جاری ہے، ایریزونا میں 86 فیصد ووٹوں کی گنتی مکمل ہوگئی ہے، یہاں 51 فیصد ووٹوں سے جوبائیڈن کو برتری حاصل ہے۔
ریاست مشیگن کے 16 الیکٹورل ووٹ ہیں، جس کے 96 فیصد نتائج کے مطابق جو بائیڈن کو صدر ٹرمپ پر 45 ہزار سے زائد ووٹوں کی برتری حاصل ہے۔
ریاست نیواڈا کے 6 الیکٹورل ووٹ ہیں، جس کے 67 فیصد نتائج رپورٹ ہوچکے ہیں، جن کے مطابق بائیڈن کو صدر ٹرمپ پر 7 ہزار سے زائد ووٹوں کی برتری مل چکی ہے۔
ریاست وسکانسن کے 10 الیکٹورل ووٹ ہیں، جہاں کے 95 فیصد نتائج موصول ہوچکے ہیں، جس کے مطابق بائیڈن کو ٹرمپ پر 20 ہزار سے زائد ووٹوں کی برتری حاصل ہوچکی ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق مشیگن، وسکانسن اور نیواڈا میں جیت کے بعد جوبائیڈن کے 270 الیکٹورل ووٹ ہوجائیں گے، جو انہیں صدر منتخب ہونے کے لیے درکار بھی ہیں۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پنسلوینیا، نارتھ کیرولینا، جارجیا، الاسکا میں آگے ہیں، اگر وہ ان ریاستوں میں کامیاب ہوتے ہیں تو ان کے الیکٹورل ووٹوں کی تعداد 267 ہوجائے گی۔
پنسلوینیا جس کے الیکٹورل ووٹوں کی تعداد 20 ہے، کے 64 فیصد نتائج رپورٹ ہوگئے ہیں، جس کے بعد صدرٹرمپ کو جوبائیڈن پر 4 لاکھ71 ہزار سے زائد ووٹوں کی برتری حاصل ہے۔
نارتھ کیرولیناسے 94 فیصد نتائج رپورٹ کیے گئے، جس کے الیکٹورل ووٹ 15 ہے، میں صدر ٹرمپ 76 ہزار سے زائد ووٹوں سے آگے ہیں۔
جارجیا کے 95 فیصد نتائج کے مطابق صدر ٹرمپ کو جو بائیڈن پر 86 ہزار سے زائد ووٹوں کی برتری ہے، اس ریاست کے 16 الیکٹورل ووٹ ہیں۔
الاسکا میں ٹرمپ کو جو بائیڈن پر 51 ہزار سے زائد ووٹوں کی برتری الاسکا سے اب تک 45 فیصد نتائج رپورٹ کیے گئے الاسکا کے 3 الیکٹورل ووٹ ہیں۔