امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ جو بائیڈن نے جہاں جہاں جیت کا دعویٰ کیا ہے ان تمام ریاستوں میں بائیڈن کی جیت کو چیلنج کریں گے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ ان تمام ریاستوں میں ووٹرز فراڈ اور اسٹیٹ الیکشن فراڈ کو چیلنج کریں گے۔
امریکی صدر نے کہا کہ بہت سےثبوت ہیں، میڈیا دیکھتے رہیں، ہم جیتیں گے۔
مخالف سوچ والوں سے دشمنوں جیسا برتاؤ روکنا ہوگا، جو بائیڈن
دو سری طرف ڈیموکریٹ صدارتی امیدوار جو بائیڈن نے امریکی عوام سے انتخابی مہم کی تلخ یادیں بُھلانے کی اپیل کردی، کہا ہمیں مخالف سوچ رکھنے والوں سے دشمنوں جیسا برتاؤ روکنا ہوگا۔
امریکا کے صدارتی انتخاب کے امید وار جو بائیڈن نے اپنی تقریر میں پاکستانی سیاستدانوں کے لیے سبق چھوڑ دیا۔
جو بائیڈن نے کہا کہ سینیٹر ہیرس اور میں انتخاب میں سب سے زیادہ ووٹ لینےکی تاریخ رقم کررہے ہیں، جبکہ صدر اور نائب صدر کے لیے سات کروڑ سے زائد ووٹ لینے ہیں، جب الیکشن کا یہ مرحلہ ختم ہوجائے گا تو ہم نے وہ کرنا ہے جو ایک امریکی ہونے کے ناطے ہم نے ہمیشہ کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کشیدگی ختم کرنے کے لیے مہم کی تلخ یادوں کو بھلا دیں، ہمیں مخالفین کے ساتھ دشمن جیسا برتاؤ ختم کرنا ہوگا، ہم آپس میں دشمن نہیں ہیں، امریکی ہونے کے ناطے ہمیں جوڑنے والی چیزیں تقسیم کرنے والوں سے زیادہ مضبوط کرنی ہیں۔
جو بائیڈن نے کہا کہ اس لیے میں ایک بات واضح کرنا چاہتا ہوں کہ میں نے اور آپ نے ایک ڈیموکریٹ کی حیثیت سے مہم چلائی لیکن میں اپنی ذمہ داریاں امریکی صدر کی حیثیت سے پوری کروں گا۔
نیواڈامیں87 پنسلوانیا میں 92 فیصد گنتی مکمل
امریکا میں 59ویں صدارتی انتخابات کے بعدنتائج آنےکاسلسلہ جاری ہے ،اہم ریاستوں میں سےایک ریاست نیواڈامیں87فیصد ووٹوں کی گنتی مکمل ہوگئی ہے ۔
ایڈیسن ریسرچ کے مطابق ڈیموکریٹ امیدوارجوبائیڈن کے49.5 فیصد ووٹوں کے ساتھ آگےہیں ، جبکہ ری پبلکن امیدوارٹرمپ 48.5 فیصد ووٹوں کے ساتھ پیچھے ہیں ۔
ریاست پنسلوانیا میں 92 فیصد ووٹوں کی گنتی مکمل ہوگئی ہے ، جہاں ری پبلکن امیدوار ٹرمپ 50.3 فیصد ووٹوں کے ساتھ آگے ہیں ،جبکہ ڈیموکریٹ امیدوار جو بائیڈن کے 48.4 فیصد ووٹ ہیں۔
ایڈیسن ریسرچ کے مطابق ریاست جارجیا میں صدر ٹرمپ اور حریف جوبائیڈن کے درمیان مقابلہ سخت ہوگیا،ریاست جارجیا میں الیکٹورل کالج ووٹ کی تعداد 16 ہے، جبکہ ریاست جارجیا میں 98 فیصد ووٹوں کی گنتی مکمل کرلی گئی ہے ،جہاں ری پبلکن امیدوارٹرمپ 49.5 فیصد ووٹوں کے ساتھ آگے ہیں ، جبکہ ڈیموکریٹ امیدوار جو بائیڈن کے 49.2 فیصد ووٹ ہیں۔
امریکی چینل کے مطابق ڈیموکریٹ امیدوار جو بائیڈن کو اب تک 253 الیکٹورل ووٹ حاصل ہیں،صدر ٹرمپ نےمختلف ریاستوں سے اب تک 214 الیکٹورل ووٹ لیےہیں۔
امریکی چینل کا کہنا ہے کہ جارجیا میں جوبائیڈن کی جیت صدارتی انتخاب کی جیت بھی بن جائےگی۔