• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کسان رہنما کی موت کی ذمہ دار حکومت ہے، مریم نواز


پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کسان رہنما ملک اشفاق لنگڑیال کی وفات پر افسوس کا اظہار کیا اور ان کی موت کا ذمہ دار حکومتِ وقت کو قرار دیا ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان کسان اتحاد نے اپنے مطالبات کے حق میں لاہور میں دو روز قبل دھرنا دیا تھا۔

تاہم لاہور پولیس نے ٹھوکر نیاز بیگ چوک پر بیٹھے مظاہرین کو ہٹا کر سڑک ٹریفک کے لیے کھول دی تھی جبکہ اس کریک ڈاؤن میں درجنوں کسانوں کو گرفتار بھی کیا تھا۔

اس وقت پولیس ایکشن کے دوران زخمی ہونے والے کسان رہنما ملک اشفاق آج اسپتال میں انتقال کرگئے۔

ملک اشفاق کی موت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مریم نواز نے کسان رہنما ملک اشفاق لنگڑیال کی وفات پر افسوس کا اظہار کیا اور ان کی موت کا ذمہ دار حکومتِ وقت کو قرار دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ملک اشفاق لنگڑیال کے قتل کی ذمہ دار سلیکٹڈ آٹا چینی چور حکومت ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ اپنے حق کے لیے آنے والوں کی جان ظالم حکومت نے لے لی، اس سے عوام کو یہ پیغام ملا کہ حق مانگنے پر ان کی جان لے لی جائے گی۔

دیگر شعبوں کے ساتھ ہونے والے ناروا سلوک پر روشنی ڈالتے ہوئے لیگی نائب صدر کا کہنا تھا کہ لیڈی ہیلتھ ورکرز، سرکاری ملازمین، ڈاکٹرز، میڈیا ہر طبقے سے یہی سلوک جاری ہے۔

انھوں نے مطالبہ کیا کہ کسان رہنما ملک اشفاق لنگڑیال کے قاتلوں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔

مریم نواز نے کہا کہ ملک اشفاق لنگڑیال اور ان کے ساتھیوں پر ظلم کرنے والوں کو جواب دینا ہوگا۔

انھوں نے ملک اشفاق لنگڑیال کے اہلِ خانہ سے تعزیت کی جبکہ مرحوم کے بلندیٔ درجات اور لواحقین کے لیے صبرِ جمیل کی دعا بھی کی۔

تازہ ترین