عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے رہنما زاہد خان کہتے ہیں کہ حکومت کہتی رہی کہ طبی شعبہ کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے پوری طرح تیار ہے، اب حکومت اسپتالوں کا جائزہ لے جہاں کورونا مریضوں کی تعداد میں تشویشناک اضافہ ہو چکا ہے، اسپتالوں میں کورونا مریضوں کے لیے جگہ کم پڑتی جا رہی ہے،
ترجمان اے این پی زاہد خان نے اپنے بیان میں کہا کہ بڑی تعداد میں لوگ کورونا سے جان کی بازی ہار رہے ہیں لیکن سیلیکٹڈ حکومت کہیں نظر نہیں آرہی۔
انہوں نے کہا کہ سیلیکٹڈ حکومت دعویٰ کرتی رہی کہ ان کی پالیسی سے ملک کو عالمی وبا کورونا وائرس سے نقصان نہیں ہوا۔
زاہد خان کا یہ بھی کہنا تھا کہ چھوٹے تو درکنار لیکن بڑے شہروں اور اسپتالوں میں بھی کورونا وائرس کے علاج کی سہولیات ناپید ہیں۔
واضح رہے کہ ملک میں کورونا وائرس سے شفایاب ہونے والوں میں بھی اضافہ ہو رہا ہے جبکہ کورونا مریضوں کی تعداد کے حوالے سے ممالک کی فہرست میں پاکستان 28 ویں نمبر پر آ چکا ہے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز ملک بھر میں کورونا وائرس کے 35 ہزار 745 ٹیسٹ کیئے گئے، اب تک کُل 46 لاکھ 9 ہزار 513 کورونا ٹیسٹ کیئے جا چکے ہیں، جبکہ ملک میں کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کی شرح3 اعشاریہ 8 فیصد رہی۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید 1 ہزار 376 کیسز سامنے آئے ہیں، مزید 30 افراد اس موذی وباء کے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے جبکہ 421 مریض اس بیماری سے شفایاب ہو گئے۔
پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 3 لاکھ 40 ہزار 251 ہو چکی ہے، جبکہ اس موذی وباء سے جاں بحق افراد کی کُل تعداد 6 ہزار 923 تک جا پہنچی ہے۔